0
Monday 5 Nov 2012 04:10

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے 8 نومبر جمعرات کو ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کرانے کا اعلان کردیا

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے 8 نومبر جمعرات کو ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کرانے کا اعلان کردیا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق لبرل، پروگریسو، ترقی پسند اور علم و عمل سے مالا مال تعلیم یافتہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مورخہ 8 نومبر 2012ء جمعرات کو ملک بھر میں بیک وقت عوامی ریفرنڈم کرانے کا اعلان کردیا ہے، عوامی ریفرنڈم میں عوام سے رائے طلب کی گئی ہے کہ وہ ’’ قائداعظم کا پاکستان چاہتے ہیں یا طالبان کا پاکستان ‘‘۔ عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر میں ہزاروں پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جہاں صبح 9 بجے شام 5 بجے تک عوام ووٹنگ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو طبقات ہیں ایک وہ طبقہ ہے جو قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا پاکستان چاہتا ہے اور دوسری طرف وہ طبقہ ہے جو پاکستان کو طالبان کا پاکستان بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے حکمرانوں اور تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنوں سمیت تمام مذاہب، عقائد اور مسالک کے ماننے والے عوام، خصوصاً ملک بھر کے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ایڈھاک ازم سے کام نہیں چلے گا، اب وقت آگیا ہے کہ وہ فیصلہ کریں انہیں کس قسم کا پاکستان چاہئے کہ آیا وہ قائداعظم کا پاکستان چاہتے ہیں ۔۔۔ یا ۔۔۔ طالبان کا پاکستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جو صورتحال ملک میں سامنے آئی ہے یہ ’’ اب نہیں تو ۔۔۔ کبھی نہیں والی صورتحال ہے۔ وہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز و اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ لال قلعہ گراؤنڈ عزیزآباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر منتخب عوامی نمائندے اور ایم کیو ایم کے شعبہ جات کے ارکان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہے، ایک جانب شدت پسندوں کے خلاف ڈرون حملوں سے پاکستان کی خودمختاری پر سوالیہ نشان لگائے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستان کے مختلف شہروں میں مذہبی انتہاء پسندی، دہشت گردی اور قتل و غارت گری کے واقعات سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ مذہبی انتہاء پسند، مساجد، امام بارگاہوں، بزرگ ہستیوں کے مزارات، بچوں اور بچیوں کے اسکولوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں، فوجی تنصیبات پر مسلح حملے کر رہے ہیں اور مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور ایف سی کے جوانوں کو سفاکی سے قتل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین، پاکستان کے واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے کئی برس قبل ہی پاکستان بھر کے عوام کو ملک میں مذہبی انتہاء پسندی اور طالبانائزیشن سے آگاہ کردیا تھا لیکن بدقسمتی سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، بعض دانشوروں، اینکرپرسنز اور صحافیوں نے الطاف حسین کے خدشات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے ان کا مذاق اڑایا اور یہ بہتان تراشی کی کہ الطاف حسین، عوام کو خوف زدہ کر رہے ہیں جبکہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ کراچی میں طالبان کی موجودگی کو سنجیدگی سے لیا جائے اور طالبان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جس سے یہ حقیقت ایک مرتبہ پھر ثابت ہوگئی ہے کہ الطاف حسین کے خدشات درست تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ طالبان دہشت گرد، اسلام کی آڑ میں نہ صرف دہشت گردی اور قتل و غارت گری کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کے عوام کو بالخصوص طالبات کو حصول علم سے روکنے کیلئے گھناؤنے اور سفاکانہ ہتھکنڈے بھی استعمال کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین کی ہدایت پر متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام مورخہ 8، نومبر 2012ء بروز جمعرات کو ملک بھر میں بیک وقت عوامی ریفرنڈم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عوام سے رائے طلب کی جائے گی کہ وہ کس قسم کا پاکستان چاہتے ہیں؟ آیا وہ قائداعظم کا پاکستان چاہتے ہیں یا طالبان کا پاکستان۔ عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر میں ہزاروں پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جہاں عوام آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔ عوامی ریفرنڈم کیلئے ووٹنگ کا سلسلہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں ایم کیو ایم کی جانب سے لاکھوں کی تعداد میں بیلٹ پیپر شائع کرائے گئے ہیں جوکہ ملک بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر دستیاب ہونگے۔ ریفرنڈم کے عمل کی نگرانی اور ووٹوں کی گنتی ریٹائرڈ ججوں، سینئر وکلاء، سینئر صحافیوں، دانشوروں اور دیگر معززین پر مشتمل ریفرنڈم کمیشن کرے گا اور یہی کمیشن ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان کرے گا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے ریفرنڈم کمیشن کے ارکان کے ناموں اور دیگر تفصیلات کا اعلان اگلی پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کے علاوہ ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ایم کیوایم کی ویب سائٹ www.mqm.org پر آن لائن ووٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ عوام ایس ایم ایس سروس کے ذریعہ بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاک کے ذریعہ بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں اور ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد کے پتے 494/8 عزیزآباد کراچی پر ارسال کرسکتے ہیں۔ مزید معلومات کیلئے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد کے ٹیلی فون نمبرز 021-3631 3690 - 021-3632 9900 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ صوبہ سندھ، صوبہ پنجاب، صوبہ خیبرپختونخواہ، صوبہ بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت اور بلتستان کے عوام اپنے اپنے شہروں میں ایم کیو ایم کے زونل دفاتر کے ٹیلی فون نمبروں پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں جن کی فہرست منسلک ہے۔
خبر کا کوڈ : 209171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش