0
Thursday 29 Nov 2012 16:29

ایم ڈبلیو ایم سرگودھا کے زیر اہتمام یوم شہدائے محرم الحرام اور احتجاجی دھرنا

ایم ڈبلیو ایم سرگودھا کے زیر اہتمام یوم شہدائے محرم الحرام اور احتجاجی دھرنا
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع سرگودھا کے زیر اہتمام یوم شہداء محرم الحرام کا انعقاد کیا گیا اور سانحہ ہلال پور سرگودھا اور دیگر شہدائے محرم الحرام کے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، اور سیال موڑ پر علامتی دھرنا دیا گیا، جس کی وجہ سے لاہور اسلام آباد روڈ بلاک ہوگیا۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، ایم ڈبلیو ایم سرگودھا کے رہنماء اور بزرگ عالم دین علامہ سید باقر علی شیرازی، سیکرٹری جنرل سرگودھا راجہ امجد حسین نے کی۔ اس موقع پر عوام کے اندر شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ہلال پور سرگودھا، کراچی، ڈی آئی خان، راولپنڈی اور دیگر مقامات پر عزاداری پر حملہ انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہلال پور سمیت پورے ملک کے مومنین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے چلتی گولیوں اور شدید خطرات میں مشن امام حسین (ع) کو زندہ رکھا۔ 

مقررین کا کہنا تھا کہ ہماری شرافت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اور ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر رضوان اور ن لیگ کے رہنماء محسن شاہ نواز رانجھا ملت جعفریہ سرگودھا سے اپنا متعصبانہ رویہ ترک کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہمارے اسیران کو رہا نہ کیا گیا اور حملہ آورں کو قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو سرگودھا کے امن کی ذمہ دار خود انتظامیہ ہو گی۔ مقررین نے شہدائے کراچی، کوئٹہ، ڈی آئی خان، راولپنڈی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان شہداء کا خون رنگ لائے گا اور عزداری سید شہداء (ع) روز بروز بڑھتی جائے گی۔ مقررین نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ہم سرگودھا میں ایک بھر پور احتجاج منعقد کریں گے اور اپنے مطالبات تسلیم کروایں گے۔
خبر کا کوڈ : 216271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش