0
Friday 30 Nov 2012 21:34

مضبوط میڈیا، آزاد عدلیہ کی موجودگی میں انتخابات صاف شفاف ہوں گے، کوئی الزام نہیں لگے گا، منظور وٹو

مضبوط میڈیا، آزاد عدلیہ کی موجودگی میں انتخابات صاف شفاف ہوں گے، کوئی الزام نہیں لگے گا، منظور وٹو
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر پیپلز پارٹی پنجاب منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ انتخابات کا بگل بج چکا ہے، کارکن اور تنظیمیں تیاری کریں۔ ایوان اقبال لاہور میں حکمران پیپلز پارٹی کے 46 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منظور وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی پسے ہوئے اور کمزور طبقوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بنائی گئی تھی جو کہ اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی کے بغیر تشکیل پانے والی پہلی اور اب واحد پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور صدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں جمہوری اور برداشت کا کلچر متعارف کروایا۔ انہیں کی پالیسیوں کی وجہ سے تمام پارٹیاں آئین اور جمہوریت پر متفق ہیں۔ 

منظور احمد وٹو نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات مئی میں ہونے جارہے ہیں جس کے لئے پارٹی تنظیمیں اور کارکن بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دوسرے نمبر پر آنے والی پیپلز پارٹی اپنی محنت اور عوام کے تعاون سے آئندہ عام انتخابات میں صوبے اور خصوصاً لاہور میں سرپرائز دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط میڈیا اور آزاد عدلیہ کے باعث تمام انتخابات صاف شفاف اور متفقہ نگران سیٹ اپ کی زیر نگرانی منعقد ہوں گے۔ کوئی دھاندلی کا الزام عائد نہیں کر سکے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جمہوریت اور وفاق کو مضبوط کیا ہے۔ آئندہ تمام انتخابات مسلم لیگ (ق) اور دیگر اتحادیوں سے مل کر لڑیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ نے صدر آصف علی زرداری سے اپیل کی کہ 24 سالہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو عوام میں بھیجیں، کارکن ان کو دیکھے بغیر نہیں رہ سکتے۔ وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ گھرکی نے اپنے خطاب میں قیادت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مارشل لاز کا مقابلہ کیا اور جمہوری قوتوں سے مل کر سیاسی اور انتظامی مسائل کو حل بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 216588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش