0
Thursday 13 Dec 2012 15:57

انتہاء پسندوں کی تنگ نظری کے ایجنڈے کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، ثروت اعجاز قادری

انتہاء پسندوں کی تنگ نظری کے ایجنڈے کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام، انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنانے اور امن و امان کی بحالی کیلئے حکومت کو غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔ بلوچستان، خیبر پختونخواہ اور کراچی میں دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری نے ملک کے امن و امان کو تباہی سے دوچار کر رکھا ہے۔ جمہوریت اور امن و امان لازم و ملزوم ہیں، پاکستان سنی تحریک انتہاء پسندوں کی تنگ نظری کے ایجنڈے کا خاتمہ کرکے دم لے گی۔ انتہاء پسندی دہشتگردی اور دوہرے تعلیمی معیار کا خاتمہ پی ایس ٹی کا منشور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر حیدرآباد سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اگر کوئی حکومت عوام کو مذکورہ حقوق نہیں دیتی تو اسے جمہوریت کے دعوے کرنے کے بجائے اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ اپنے طرز عمل کے حوالے سے وہ کس نظام کا حصہ ہے، عوام کے مسئلے حل نہ کئے جائیں تو ملک میں بے چینی، بدامنی اور انتشار پھیلتا ہے اور مایوسیاں جنم لیتی ہیں جو جمہوریت کی روح کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت جن بیرونی و اندرونی بے پناہ مسائل کا شکار ہے، آنے والی حکومت کیلئے ان کا حل بہت بڑی آزمائش ہوگا، پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد جاری رکھی ہے، پارلیمینٹ میں نہ ہونے کے باوجود عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کی اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کیلئے حکومتی فورم پر مثبت تجاویز دیں، ملک کی سلامتی و خودمختاری، استحکام، ترقی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے، ہماری پہچان پاکستان ہے، اس کیلئے جانوں کے نذرانے بھی دینے پڑے تو گریز نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 220890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش