0
Friday 4 Jan 2013 15:49

مستونگ میں زائرین کی بس پر حملہ کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کی سکھر میں احتجاجی ریلی

مستونگ میں زائرین کی بس پر حملہ کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کی سکھر میں احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ ضلع سکھر کی جانب سے بلوچستان میں زائرین پر پے در پے حملوں کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں ایم ڈبلیو ایم اور دیگر تنظیموں کے کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب مولانا علی بخش سجادی اور عبداللہ مطہری نے کیا۔ احتجاجی ریلی بعد نماز جمعہ پرانا سکھر سے شروع ہوئی جو شالیمار روڈ، مینارہ روڈ اور مکی مسجد سے گزرتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچی، جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں حکومت نے دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، دہشت گرد آئے روز ملت جعفریہ پر ظلم وستم ڈھا رہے ہیں، کراچی سے لے کر پاراچنار تک شیعیان حیدر کرار (ع) کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لے اور وزیر داخلہ رحمٰن ملک سمیت اتحادی جماعتوں کے تمام سربراہان سن لیں کہ اس سلسلے کو روکا جائے ورنہ آئندہ انتخابات میں حکمران جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کی مہم چلائیں گے۔ مقررین نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان اور ملک بھر میں جاری فرقہ وارانہ بنیاد پر قتل و غارت گری کا نوٹس لیا جائے اور ان واقعات میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 227957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش