0
Monday 14 Jan 2013 23:00

قادری صاحب اقتدار نہ ملنے کا غصہ حکومت پر مت اتاریں، رحمان ملک

قادری صاحب اقتدار نہ ملنے کا غصہ حکومت پر مت اتاریں، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری چالیس لاکھ لوگوں کو اسلام آباد لانے میں ناکام رہے ہیں، وہ ہار گئے ہیں اپنی شکست تسلیم کرلیں۔ لانگ مارچ کے فضائی جائزہ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں 25 ہزار سے زیادہ لوگ نہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کو بتانا چاہیئے کہ لانگ مارچ کیلئے رقم کہاں سے آئی جبکہ اطلاعات کے مطابق لانگ مارچ کے شرکاء پر فی کس چار ہزار روپے خرچ آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات کی مد میں خرچ ہونے والی رقم کا فگر وہ جلد میڈیا کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے بھی لانگ مارچ کے اخراجات جاننے کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کو نوٹس دیا ہے جبکہ طاہر القادری کی بیرون ملک مالی حیثیت جاننے کیلئے تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو غیر معمولی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ 

لانگ مارچ کے شرکاء کی سکیورٹی کا فضائی جائزہ لینے کے بعد اسلام آباد ڈی چوک میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قادری صاحب ہار گئے، شکست تسلیم کر لیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ طاہر القادری قوم کو بتائیں کہ کروڑوں روپے کا فنڈ کہاں سے آیا۔ قادری صاحب اقتدار نہ ملنے کا غصہ حکومت پر مت اتاریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد والوں کو یزید کہنا خود کافر ہونے کے مترادف ہے۔ انہوں نے طاہر القادری کو تجویز دی کہ شارٹ مارچ کے بجائے فاٹا کے عوام سے اظہار یکجہتی کریں۔ طاہر القادری کا لانگ مارچ جمہوریت اور آئین کش ہے، وہ جب تک چاہیں اسلام آباد میں ٹھہر سکتے ہیں، تاہم شرکاء کی جان کو خطرہ ہے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ہیلی کاپٹر سے جناح ایونیو اسلام آباد پر اس مقام کا فضائی جائزہ لیا جہاں لانگ مارچ کے شرکاء جمع ہیں اور اسٹیج بھی بنایا گیا ہے۔ اس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا انہیں توقع ہے کہ طاہر القادری وعدے کے مطابق طے شدہ مقام پر دھرنا دیں گے اور پر امن رہ کر اپنے مطالبات پیش کریں گے، دھرنے کے حوالے سے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی گئی۔ رحمان ملک نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکاء پر حملے کا خطرہ ہے تاہم ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کر لی گئی ہے، طاہر القادری کو خصوصی سکیورٹی دی جائے گی اور صرف ان کی سکیورٹی پر 2 ایس پیز مقرر کئے گئے ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ دھرنے میں مداری اور بندر آ جائیں گے اور میلہ بھی لگ جائے گا، طاہر القادری ذاتیات پر اترے تو وہ بھی خاموش نہیں رہیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 231288
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش