0
Friday 22 Mar 2013 21:44

گلگت بلتستان میں وفاقی جماعتوں کی مداخلت کو روکا جائے، منظور پروانہ

گلگت بلتستان میں وفاقی جماعتوں کی مداخلت کو روکا جائے، منظور پروانہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں وفاقی جماعتوں کی بڑھتی ہوئی مداخلت خطے کو مزید عدم استحکام اور خطرات کی طرف دھکیل رہی ہے۔ پاکستان کی کسی بھی سیاسی جماعت کی گلگت بلتستان میں سیاسی سرگرمیاں بلاجواز اور غیر قانونی اقدام ہے۔ پاکستان کے چاروں صوبوں میں انتخابات کے شیڈول آنے کے بعد گلگت بلتستان کے عوام کو اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کیوں نہیں ہو رہے ہیں؟ پاکستان کے چاروں صوبوں کے ساتھ گلگت بلتستان میں عام انتخابات کا نہ ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان سے الگ تشخص رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ کے چئیرمین منظور پروانہ نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا قومی سوال آج دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، گلگت بلتستان کی آزاد اور خودمختار حیثیت کو تسلیم کئے بغیر یہاں کے لوگوں کی بنیادی انسانی حقوق کی بحالی ممکن نہیں۔ گلگت بلتستان کو غیر آئینی، آئینی اور ماڈل صوبہ بنانے کی بات کرنے والے پاکستان کے سیاستدان جھوٹے ہیں۔ پاکستان کے کسی بھی سیاسی جماعت کے ایجنڈے میں گلگت بلتستان شامل نہیں ہیں اور وہ شامل بھی نہیں کرسکتے کیونکہ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ نہیں۔ اس لئے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی گلگت بلتستان میں ہر قسم کی سیاسی سرگرمی پر پابندی لگانی چائیے۔ الیکشن کمیشن پاکستان اور سپریم کورٹ آف پاکستان اس بات کا نوٹس لے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں کس قانون کے تحت گلگت بلتستان میں کام کر رہی ہیں۔

منظور پروانہ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتیں گلگت بلتستان کے لوگوں کو اپنے مفادات کے لئے تقسیم کر رہی ہیں جس کی وجہ سے گلگت بلتستان دہشت گردی، بدامنی، کرپشن فرقہ واریت اور تعصبات کا شکار ہیں۔ اس وقت گلگت بلتستان پر پاکستان کی چار سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق، جے یو آئی اور ایم کیو ایم کی حکومت ہے۔ جسکی وجہ سے گلگت بلتستان میں دہشت گردی، بدامنی اور کرپشن اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ اگر مسلم لیگ ن تحریک انصاف یہاں اقتدار میں آئی تو کیا فرق پڑے گا۔ گلگت بلتستان کے مسائل کا حل اس امر میں مضر ہے کہ گلگت بلتستان کی علاقائی اور مقامی سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاسی سرگرمیاں کرنے کی آزادی دی جائے اور گلگت بلتستان میں وفاقی جماعتوں کی بڑھتی ہوئی مداخلت کو فوری روکا جائے۔
خبر کا کوڈ : 248272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش