0
Sunday 7 Apr 2013 09:26

کارکنان صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، راجہ فاروق

کارکنان صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما کامران حبیب نے گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کامران حبیب نے قائد کشمیر راجہ فاروق کو ضلع میرپور میں یوتھ ونگ کی تنظیمی پیشرفت سے آگاہ کیا اور کہا کہ مسلم لیگ یوتھ ونگ کے لاکھوں نوجوان قیادت کی ہر کال پر لبیک کہنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور مشکل کی ہر گھڑی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ راجہ فاروق نے یوتھ ونگ کے نوجوانوں کے لیے پیغام میں کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گذر رہا ہے اور پاکستان کے آمدہ انتخابات میں بعض خفیہ طاقتیں اور ان کے آلہ کار اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے یوتھ کو استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ جس کے لیے طرح طرح کے ہتکھنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

راجہ فاروق نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ نوجوان اپنے جوش و جذبے کو تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سبز ہلالی پرچم کو تھام کر آزاد کشمیر اور پاکستان کے چپے چپے میں پھیل جائیں اور قائد پاکستان محمد نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ ان چور لیٹروں کے روایتی اور غیرروایتی ہتکھنڈوں سے پاکستان عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر تا کراچی جموں و کشمیر کے جو مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلانے کے لیے نکلیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار عبدالخالق وصی، رابطہ سیکرٹری ذوالفقار علی، راجہ غضنفر اور دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 252178
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش