0
Thursday 25 Apr 2013 11:40

کشمیر کی آزادی اٹل حقیقت ہے، عبدالرشید ترابی

کشمیر کی آزادی اٹل حقیقت ہے، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہےکہ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کا کردار اور ان کی خدمات تاریخ کا حصہ ہیں۔ سید علی گیلانی اور کشمیری عوام نے نامساعد حالات اور مشکلات میں استقامت دکھائی، مشکل دور گزر چکا ہے۔ جنرل مشرف نے یوٹرن لے کر آزادی کی منزل کو کھو ڈالا، جنرل مشرف غداری نہ کرتے تو آج تحریک آزادی کئی منازل طے کر چکی ہوتی۔ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مصنوعی دوستی دیرپا ہو سکتی ہے اور نہ ہی پائیدار۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے دفتر کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی، فاروق رحمانی، محمد خطیب اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے مشترکہ طور پر کہا کہ جماعت اسلامی اور عبدالرشید ترابی نے تحریک آزادی کشمیر میں جو کردار ادا کیا ہے وہ نہ صرف آزاد کشمیر و مقبوضہ کشمیر کے عوام تسلیم کرتے ہیں بلکہ انصاف پسند تمام ادارے ان کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے تقاضوں کو پیش نظر رکھ کر کوشش کی گئی ہے کہ بیس کیمپ کی قیادت کو ون پوائنٹ ایجنڈے پر جمع کیا جائے۔ تاکہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو حوصلے کا پیغام جائے۔ پاکستان کے اندر بھی اداروں، قائدین، میڈیا اور عوام کو تحریک کی پشت پر لایا جائے تاکہ یہ سارے حلقے کشمیر کی تحریک آزادی میں اپنا کردار ادا کریں اور اس حوالے سے مظفرآباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں طے کیا گیا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر تحریک آزادی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 257773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش