0
Thursday 23 May 2013 14:01

ملک بھر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے، نومنتخب اراکین قومی اسمبلی

ملک بھر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے، نومنتخب اراکین قومی اسمبلی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے نومنتخب اراکین قومی اسمبلی نے کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی طویل دورانئے کی لوڈشیڈنگ اور صارفین کو اضافی بل بھیجنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور موسم گرما میں طویل دورانئے کی لوڈشیڈنگ اور اضافی بلوں کے باعث عوام کو لاحق مشکلات اور پریشانیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب صنعتی، تجارتی، کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں جبکہ تعلیمی اداروں اور اسپتالوں میں بھی طالب علموں اور مریضوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل دورانئے کی لوڈشیڈنگ نے پہلے ہی عوام کی زندگیاں اجیرن بنائی ہوئی تھیں لیکن اب اضافی بلوں نے عوام کی کمر ہی توڑ کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی بلنگ کے مسئلے انتہائی تشویشناک اور غیر قانونی پہلو یہ ہے کہ اگر اضافی بلوں کی درستگی کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے تو وہ بجائے بل کی تصحیح کرنے کے بجائے یہ حکم صادر فرماتے ہیں کہ آپ پہلے بل جمع کرا دیں اگر کسی غلطی سے اضافی بل آگیا ہوگا تو بعد میں ایڈجسٹ کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کا بحران تو عوام جھیل ہی رہے ہیں تاہم لوڈشیڈنگ کے علاوہ عوام کو متعلقہ اداروں کی جانب سے بجلی کی ترسیل کیلئے کی گئی تنصیبات بوسیدہ ہوجانے کے باعث بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ حق پرست نومنتخب اراکین قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو سے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی طویل دورانئے کی لوڈشیڈنگ اور صارفین کو اضافی بل بھیجنے کا فی الفور نوٹس لیا جائے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے فی الفور اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اضافی بلوں کے سبب لاحق مشکلات اور پریشانیوں سے فی الفور نجات دلائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 266779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش