0
Tuesday 4 Jun 2013 01:17

ہنگو، ایم پی اے فرید خان قتل، مشتعل افراد نے جے یو آئی کا دفتر نذر آتش کردیا، کرفیو نافذ

ہنگو، ایم پی اے فرید خان قتل، مشتعل افراد نے جے یو آئی کا دفتر نذر آتش کردیا، کرفیو نافذ
اسلام ٹائمز۔ ہنگو میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے رکن صوبائی اسمبلی فرید خان کو ڈرائیور سمیت قتل کردیا جبکہ ان کا بھائی زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے بعد ہنگو شہر میں مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی، جس کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہنگو کے محلہ سنگیر میں فرید خان ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا آ رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں فرید خان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جبکہ ان کے ایک بھائی اور ایک راہگیر بچی اس واقعے میں زخمی ہو گئی۔ فائرنگ سے گاڑی میں سوار فرید خان کا ایک ڈرائیور بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ فرید خان کے حامیوں نے ہنگو میں سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کا دفتر نذر آتش کردیا۔ ہنگاموں کی وجہ سے شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ اس وقت ہنگو میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔

واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے احتجاجی جلوس نکالا اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کیخلاف نعرہ بازی کی۔ انہوں نے جے یو آئی کا دفتر بھی نذر آتش کردیا۔ غیر مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرید خان کے قتل کا مقدمہ جے یو آئی کے سابق ایم پی اے عتیق الرحمان کیخلاف درج کردیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد ہنگو میں بائی پاس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ واضح رہے کہ فرید خان آزاد حیثیت سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 42 سے رکن منتخب ہوئے تھے اور بعد میں تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ فرید خان نے ہنگو سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے مضبوط ترین امیدوار عتیق الرحمان کو شکست دی جو اس سے پہلے دو مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔ فرید خان کالعدم سپاہ صحابہ کے حمایت یافتہ بھی تھے۔ اور اس تنظیم کے عہدیدار بھی رہ چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 270412
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش