0
Sunday 11 Aug 2013 10:17

عراق، بغداد میں ہونیوالے کار بم دھماکوں میں کم از کم 70 افراد جاں بحق، 200 سے زائد زخمی

عراق، بغداد میں ہونیوالے کار بم دھماکوں میں کم از کم 70 افراد جاں بحق، 200 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں یکے بعد دیگر ہونے والے کار بم دھماکوں میں کم از کم 70 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والے خونی بم دھماکے زیادہ تر شیعہ نشین علاقوں میں ہوئے ہیں۔ 10 اگست کو ہونے والے یہ خونی بم دھماکے ایسے وقت میں وقوع پذیر ہوئے، جب عراق کے بےگناہ لوگ ایک مہینہ مہمانی خدا کے بعد عیدالفطر کے جشن میں مصروف تھے۔ ان میں سے ایک کار بم دھماکہ بغداد کے جنوبی میں واقعہ علاقہ "زبیدیہ" کے پارک میں ہوا، جبکہ دیگر دھماکے کافی شاپس اور خریداری کے مراکز کے قریب رش کے اوقات میں ہوئے، جب لوگ عید کی خریداری میں مصروف تھے۔ ایک دھماکہ عراقی دارالحکومت بغداد کے اطراف میں جنوب میں واقع ایک بازار میں رش کے اوقات میں ہوا، اس بم دھماکے کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور بیس زخمی ہوگئے۔ اسی طرح کا ایک اور بم دھماکہ بغداد کے شمال میں واقع شہر "توز خورماتو" کے رش والے بازار میں ہوا، اس بم دھماکے میں دس افراد جاں بحق اور پینتالیس زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے بم دھماکے بھی گذشتہ منگل کو ہونے والے بم کار بم دھماکوں کی طرح ہم آہنگ اور ایک خاص حکمت عملی کے تحت کئے گئے۔ یاد رہے کہ منگل کو ہونے والے خونی بم دھماکوں میں پچاس عراقی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ یہ بم دھماکے ایسے ایام میں ہوئے ہیں جب عراقی سکیورٹی فورسز نے عیدالفطر کی مناسبت سے پورے ملک میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے۔ اس سال سے آغاز سے عراق میں پرتشدد واقعات میں شدید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور صرف ماہ رمضان المبارک میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں 671 افراد جاں بحق جبکہ ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔ یکم اگست کو اقوام متحدہ نے اعلان کیا تھا کہ عراق میں ماہ جولائی میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں میں 1057 افراد جاں بحق اور 2326 افراد زخمی ہوئے ہیں، اس لحاظ سے ماہ جولائی 2008ء سے لے کر اب تک خونی ترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔ سال 2013ء سے آغاز سے لے کر اب تک دہشتگردانہ حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد چار ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔ ان جاں بحق ہونے والے افراد میں سے اکثریت دارالحکومت بغداد سے ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق عراق کے شہر بغداد میں کار بم دھماکوں سے 75 افراد جاں بحق اور 157 زخمی ہوگئے۔ ہفتے کے روز جب عراق کے شہر بغداد میں لوگ عید کے دوسرے روز خوشیاں منانے میں مصروف تھے کہ 6 کار بم دھماکوں نے شہر میں قیامت صغریٰ برپا کر دی۔ یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں میں 75 افراد جاں بحق اور 157 زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب عراق ہی کے شہر نصریہ میں ہونے والے ایک اور کار بم دھماکے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 25 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے ایک تفریحی پارک کے باہر ہوئے۔ دہشت گردی کے واقعات کے بعد نصریہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 291386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش