0
Sunday 1 Sep 2013 08:59

حکومت متاثرین منگلا کے مسائل حل کرے، کونسلر محمد ندیم

حکومت متاثرین منگلا کے مسائل حل کرے، کونسلر محمد ندیم
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی میئر پیٹربرا کونسلر محمد ندیم نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت منگلا ڈیم متاثرین کے ساتھ شروع دن سے ناانصافی کر رہی ہے۔ ملکی مفاد کی خاطر اپنے آبائو اجداد کی قبریں پانی کی نظر کرنے والوں سے کیے جانے والے وعدے آج تک پورے نہیں کیے گئے۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ منگلا اپ ریزنگ میں متاثرین کے مسائل اور ان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے سے قبل حکومت منگلا ڈیم میں پانی چھوڑ رہی ہے جو کہ سراسر غلط ہے اور ان متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ میرپور والوں نے ہر دور میں ملکی اور عوامی مفاد کیلئے قربانیاں
دی ہیں اور منگلا اپ ریزنگ میں مہاجر بن کر پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم ہونے والے متاثرین آج بھی خستہ حالی کا شکار ہیں اور اب ایک مرتبہ پھر سے وہی پرانی طرز پر کام ہو رہا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر متاثرین منگلا کے مسائل کے فوری حل کیلئے عملی اقدامات کرے اور ان سے کیے جانے والے وعدے پورے کرے۔ کونسلر محمد ندیم نے کہا کہ جب منگلا ڈیم کی تعمیر ہوئی اور ایک بڑی تعداد میں کشمیریوں نے قربانی دیکر وہاں سے نقل مکانی کی تو اس وقت انھیں بڑے بڑے خواب دکھائے گے اور بالخصوص کشمیریوں سے یہ وعدہ کیا گیا انھیں بجلی فری مہیا کی جائے گی مگر تاحال ایسا نہیں ہو سکا ہے جبکہ آزاد کشمیر کو بجلی فری دینا دور کی بات لوڈشیڈنگ سے بھی مستشنیٰ قرار نہیں دیا گیا۔ 

کونسلر محمد ندیم نے کہا کہ پاکستان میں کا لاباغ ڈیم کی تعمیر نہ ہونے سے اور بجلی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع نیلم، کوٹلی وغیرہ میں نئے میگا پروجیکٹ لگا رہی ہے جہاں سے پاکستان کی ضرورت کے مطابق بجلی پیدا ہو سکتی ہے اور بعض میگا پروجیکٹ شروع ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کی جو ساڑھے تین سو میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے اس کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا اور کشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستشنیٰ قرار دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ بالخصوص انجمن تاجراں کی جانب سے سب سے پہلے کیا جانے والا یہ مطالبہ خوش آئند بھی ہے اور یہ کشمیریوں کا حق بنتا ہے کہ جنہوں نے اتنی قربانیاں دی ہیں انھیں کم از کم اتنا ریلیف ضرور ملنا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں حکومت آزاد کشمیر کشمیریوں کے اس درینہ مطالبے کو حکومت پاکستان تک پہنچا کر اس پر عملی کام کروائے گی۔
خبر کا کوڈ : 297416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش