0
Tuesday 24 Sep 2013 16:44

بلوچستان میں تین میڈیکل کالجز کے قیام کی منظوری دیدی گئی

بلوچستان میں تین میڈیکل کالجز کے قیام کی منظوری دیدی گئی

اسلام ٹائمز۔ محکمہ صحت کے شعبہ پلاننگ کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ حکومت نے بلوچستان کے اضلاع لورالائی، گوادر اور خضدار میں مزید تین میڈیکل کالجز کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں شعبہ پلاننگ کو پی سی ون بھی فراہم کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلٰی کے احکامات پر جلد ہی عملی اقدامات کا آغاز ہو گا۔ واضح رہے کہ بلوچستان کی منتشر آبادی کے لیے صرف کوئٹہ میں ایک بولان میڈیکل کالج موجود ہے۔ ہر سال طلبہ کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے اور کالج میں نشستیں کئی گناہ کم دستیاب ہے۔ جس کی وجہ سے ہر سال سینکڑوں طلبہ داخلوں سے محروم رہ جاتے ہیں۔ جبکہ کوئٹہ میں قائم میڈیکل کالج دور ہونے کی وجہ سے بھی طالب علموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت کے مذکورہ منصوبے سے ان طالب علموں کو درپیش مسائل حل ہونگے۔ ان میڈیکل کالجز سے نہ صرف لورالائی، خضدار اور گوادر کے طلبہ کو فائدہ ہوگا بلکہ قریبی ڈویژن میں شامل دیگر اضلاع کے طلبہ بھی مستفید ہونگے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کالجز کے قیام سے بلوچستان میں آئندہ ایک دہائی کے دوان صحت کے شعبے میں انقلاب رونما ہو گا، کیونکہ بلوچستان میں ڈاکٹروں خصوصی لیڈی ڈاکٹروں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں قائم گورنمنٹ ہسپتالوں اور بی ایچ یوز میں ڈاکٹروں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ کالجز سے فارغ التحصیل ڈاکٹروں سے ان علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ میڈیکل کالجز کے قیام سے مذکورہ اضلاع میں صحت کے مسائل بھی حل ہونگے اور عوام کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ کیونکہ حکومت ان کالجز سے متصل میڈیکل کمپلیکسز کے قیام کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے۔ جہاں جدید دور کے مطابق علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔

خبر کا کوڈ : 304977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش