0
Saturday 5 Oct 2013 11:52

گذشتہ حکومتوں نے سزائے موت پر عملدرآمد روک کر قرآن کی مخالفت کی، علامہ عارف واحدی

گذشتہ حکومتوں نے سزائے موت پر عملدرآمد روک کر قرآن کی مخالفت کی، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ اسلام دشمن قوتوں کے اشارے پر سزائے موت پانے والے دہشتگردوں کو سزائیں نہ دینا قرآن کیساتھ جنگ ہے۔ ہم پشاور چرچ پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان ملک دشمن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ عارف حسین واحدی نے وزارت مذہبی امور کے تحت مقامی ہوٹل میں بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا دین ہے۔ تمام مسلمان آدم سے لیکر خاتم (ص) تک انبیاء (ع) کی رسالت پر یقین رکھتے ہیں۔ تمام انبیاء (ع) کے ماننے والوں کا احترام اور ان کے حقوق کے لئے مسلمان ہر وقت کوشاں رہتے ہیں۔ پیعمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دور میں عیسائیوں اور اقلیتوں کے ساتھ بڑے بڑے معاہدے ہوئے، جو دستاویزات کی شکل میں موجود ہیں۔ پیعمبر اسلام (ص) کے دور میں عیسائیوں کے مختلف وفود آتے تھے اور مسجد نبوی (ص) میں آنحضرت کے ساتھ بیٹھتے تھے۔ پیعمبر (ص) ان کو احترام سے اپنے ساتھ بٹھاتے تھے۔ اسلام کا حکم ہے کہ حالت جنگ میں بھی بچوں، بوڑھوں اور عورتوں کو قتل نہ کیا جائے۔

سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک نے کہا کہ آج پاکستان میں بعض نام نہاد مسلمان چرچز پر حملہ آور ہیں۔ ہم پشاور چرچ پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملے صرف عیسائی برادری پر نہیں ہو رہے بلکہ ہر طبقہ اس بربریت کا شکار ہے۔ دہشت گرد ملک میں دندناتے پھر رہے ہیں، حکومت جب تک اس دہشت گردی سے آہنی ہاتھوں سے نہ نمٹے یہ کنٹرول نہیں ہوگی۔ ہم وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان ملک دشمن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ گذشتہ حکومتوں نے سزائے موت پر عمل درآمد کو روک کر قرآن کی مخالفت کی ہے۔ اسلام دشمن قوتوں کی اشارے پر سزائے موت پانے والے دہشتگردوں کو سزائیں نہ دینا قرآن کیساتھ جنگ ہے۔
خبر کا کوڈ : 308294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش