0
Monday 14 Oct 2013 10:23

بیرسٹر سلطان کی سکندر حیات سے ملاقات

بیرسٹر سلطان کی سکندر حیات سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری فتح پور تھکیالہ پہنچ گئے جہاں اںھوں نے بابائے سیاست سردار سکندر حیات خان سے ملاقات کی۔ دونوں سابق وزراءاعظم کی ملاقات ون ٹوون ہوئی جو انتہائی خوشگوار موڈ میں ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران ممبر کشمیر کونسل سردار محمد نعیم خان، سردار فاروق سکندر، چوہدری محبوب ممبر کشمیر کونسل اور خواجہ عطا محی الدین قادری بھی شامل تھے۔ سابق وزراء اعظم نے مسئلہ کشمیر، آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کے مستقبل کے حوالے سے مشاورت کی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ نکیال آمد پر بیرسٹر سلطان محمود کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود واحد متحرک سیاسی شخصیت ہیں جنہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم دونوں پریشان ہیں کہ وزیراعظم ہائوس کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔ 

سردار سکندر نے کہا کہ 9 ارب خرچ کرنے کے لیے 42 ارب خرچ کیے جاتے ہیں۔ کوارڈینیٹر، مشیروں کی فوج قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ کنٹرول لائن پر فائرنگ سے سینکڑوں لوگ متاثر ہوئے۔ وفاقی وزیر برجیس طاہر، لارڈ نذیر، راجہ فاروق خان متاثرین کے دکھ بانٹنے آئے لیکن آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کی حکومت نے متاثرین کے لیے کچھ نہیں کیا۔ میری حکمرانی عوام کے دلوں پر ہے اور آنے والا وقت یہ ثابت کرے گا کہ عوام پر حکمرانی کا حقدار کون ہے اور حادثے کی پیداوار کرپٹ حکمرانوں کو عوام جلد چلتا کریں گے۔ 

بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہوتے ہیں اور ہم آج بھی ان کے مشن پر گامزن ہیں اور اللہ کی طاقت کے بعد صرف عوامی طاقت پر بھروسہ کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج جس طرح یہاں عوام نے میرا استقبال کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام میرے ساتھ ہیں۔ میں جہاں مسئلہ کشمیر کو سفارتی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہوں وہیں عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی میری کوششیں جاری و ساری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں عید کے بعد آزاد کشمیر کی نااہل اور کرپٹ حکومت کی کرپشن اور لوٹ مار بے نقاب کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 311039
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش