0
Saturday 30 Nov 2013 17:40

موجودہ نظام آئینی صوبے کیجانب اہم پیشرفت ہے، سید مہدی شاہ

موجودہ نظام آئینی صوبے کیجانب اہم پیشرفت ہے، سید مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ نظام آئینی صوبے کے قیام کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے لیکن ہماری اصل منزل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی کا حصول ہے گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بھی پاکستان پیپلزپارٹی ہی بنائے گئی، اگر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کیلئے اقدامات کریگی تو اس اقدام کو کھلے دل سے سراہتے ہوئے ان کا ساتھ دینگے۔ عوام کی خدمت اور حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے اپیلیٹ کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اپیلیٹ کورٹ بار کے نمائندہ وفد نے مہدی شاہ کی جانب سے بار کو خصوصی گرانٹ دینے اور وکلاء برداری کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی توجہ دینے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انکی قیام امن اور صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے انقلابی اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعلٰی نے کہا کہ انہوں نے ججوں کی کمی دور کرنے کیلئے وزیر قانون اور سیکرٹری قانون کو ہدایت کی ہے کہ 9دسمبر کو بار ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر حتمی سفارشات کو یقینی بنائیں۔ تاکہ عوام کو جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری معاشرے کا اہم حصہ ہے، معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کو انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بار ایسوسی ایشن اپنا فعال کردار ادا کرے۔ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی۔

قبل ازیں وزیراعلٰی نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو ہدایت کی ہے کہ شاہراہ قراقرم پر مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے چیف سیکرٹری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے وزیراعلٰی کو دورہ داریل تانگیر اور KKH پر مسافروں کی سکیورٹی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازیں سید مہدی شاہ نے وزیراعلٰی انسپیکشن ٹیم کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی انکوائری کے دوران میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے انسپکشن ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کو درپیش مسائل کو جلد حل کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 326127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش