0
Monday 2 Dec 2013 19:04

گلگت بلتستان کو ہمسایہ ممالک سے کاٹ کر رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، منظور پروانہ

گلگت بلتستان کو ہمسایہ ممالک سے کاٹ کر رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، منظور پروانہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ کے چئیرمین منظور پروانہ نے اسکردو میں "سرحدیں کھولو" ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام پر آزاد نقل و حمل اور قدیم تاریخی تجارتی راستوں کی بندش انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، گلگت بلتستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر ایک وقت میں پانچ ملکوں کے پندرہ سے زائد مقامات سے زمینی رابطہ برقرار رکھ سکتا ہے اور تجارت کر سکتا ہے، اس کے باوجود گلگت بلتستان کو پوری دنیا سے کاٹ کر رکھا گیا ہے جو کہ یہاں کے 20 لاکھ عوام کا معاشی استحصال اور ترقی کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکردو روڈ کی مستقل بندش سے بلتستان اور لداخ کے ہزاروں خاندانوں میں شدید ذہنی کرب پایا جاتا ہے، سرحد کے آرپار ہزاروں منقسم خاندان اپنے عزیزوں سے ملنے کے لئے بےچین ہیں اور تجارتی راستوں کی بندش سے سرحدی عوام معاشی طور پر دن بہ دن کمزور ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان میں غربت کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کرگل لداخ اور گلگت بلتستان ایک اکائی ہے ان خطوں کو تنازعہ کشمیر کی آڑ میں ایک دوسرے سے کاٹ کر رکھا گیا ہے، جس سے ان خطوں کی مشترکہ تہذیب و تمدن، زبان، ثقافت اور معاشرتی اقدار کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔ حکومت پاکستان اور انڈیا کرگل سے اسکردو اور استور سے سری نگر کے راستوں کو کھولنے کے لئے ہنگامی اقدامات کریں۔

منظور پروانہ نے کہا کہ پاکستان کے پنجابی اور سندھی انڈیا کے ساتھ تجارت کر رہے ہیں، پٹھان افغانستان سے اپنا کاروبار کر رہے ہیں، بلوچی کے لئے بلوچستان سے ملنے والی سرحدیں کھلی ہیں، کشمیریوں کو بھی سرحد کے دونوں جانب ملنے جلنے میں آزاد ہیں لیکن گلگت بلتستان کے عوام پر ہمسایہ ممالک کے تمام سرحدیں بند ہیں اور ایک دوسرے سے ملنے جلنے اور تجارت کرنے پر مکمل پابندی ہے اور ساتھ ہی ساتھ یہ موقف پیش کیا جاتا ہے کہ کرگل اسکردو روڈ کا کھولنا پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ اگر بھارت کے ساتھ تجارت پاکستان کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے تو پنجاب، سندھ اور کشمیر سے بھی تجارت بند کی جائے یا گلگت بلتستان سے ملنے والے تمام سرحدی راستوں کو تمام ملکوں کے ساتھ کھول دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 326734
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش