0
Wednesday 5 Feb 2014 01:07

کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا عالمی اداروں کا اخلاقی فریضہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا عالمی اداروں کا اخلاقی فریضہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا عالمی اداروں کا اخلاقی فریضہ ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، پاکستانی غیور عوام اپنی شہ رگ پر بھارتی حملے برداشت نہیں کر سکتی، حکومتِ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر روگردانی سے باز رہے، کشمیر کاز پر سابقہ حکومتیں نے واضح اور دوٹوک موقف اپنائے رکھا لیکن نواز لیگ نے کشمیر کاز پر خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی، نواز حکومت نے بھارتی حکام سے مسلسل ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر پر کوئی ٹھوس موقف اختیار نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کشمیری عوام پر توڑے جانے والے مظالم انسانی تاریخ کا سیاہ باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہندکی تقسیم سے آج تک کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، 65 سالہ تاریخِ کشمیر انسانی حقوق کی پامالی سے بھری پڑی ہے، مظلوم کشمیری عوام کی حمایت پاکستانی عوام و حکمرانوں کی آئینی، اخلاقی اور شرعی ذمہ داری ہے، حکومتِ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر روگردانی سے باز رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پر کشمیری بھائیوں، بہنوں، بزرگوں اور جوانوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنا اسی طرح واجب ہے جیسے مظلوم فلسطینی بھائیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں نے بھی کشمیری عوام کے جائز حقوق کی فراہمی میں کوئی خاطر خواہ کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گی۔ اپنے بیان میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ کشمیری مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تمام ملت پاکستان کا اخلاقی فریضہ ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، پاکستانی غیور عوام اپنی شہ رگ پر بھارتی حملے برداشت نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اگر کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق دے دیئے جاتے تو انسانی حقوق کی پامالی کے دل خراش واقعات رونما نہ ہوتے، کشمیری خواتین کے ساتھ بھارتی افواج نے وہ درندگی کی دردناک مثالیں قائم کی ہیں جنہیں سن کر دل دہل جاتا ہے، بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جاتا رہا، جوانوں کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنانا اور انہیں ازیتیں دے کر شہید کر دینا تو بھارتی افواج کے نزدیک معنی نہیں رکھتا، کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی افواج کے مظالم میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کشمیر کاز پر پاکستانی حکومت کی عدم دلچسپی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر دوگردانی سے باز رہے، کشمیر کاز پر سابقہ حکومتیں نے واضح اور دوٹوک موقف اپنائے رکھا لیکن نواز لیگ نے کشمیر کاز پر خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی، نواز حکومت نے بھارتی حکام سے مسلسل ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر پر کوئی ٹھوس موقف اختیار نہیں کیا، اس حکومتی بے حسی پر پاکستان کے غیور عوام کے دل مجروح ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 348470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش