0
Monday 10 Feb 2014 17:59

طالبان کے طالبان کیساتھ مذاکرات کو 70 ہزار معصوم انسانوں کے خون کیساتھ خیانت تصور کرتے ہیں، سید عباس علی موسوی

طالبان کے طالبان کیساتھ مذاکرات کو 70 ہزار معصوم انسانوں کے خون کیساتھ خیانت تصور کرتے ہیں، سید عباس علی موسوی

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء سید عباس علی موسوی نے کہا ہے اگر پاکستان دنیا میں امن دوست ملک کی حیثیت سے اپنی شناخت کرانا چاہتا ہے، تو اس کے لئے پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک میں عدم مداخلت کے واضح اور عملی اقدامات کرے۔ یہ کام ملک کی داخلی اور خارجہ پالیسیوں کو غیر جمہوری اداروں کے شکنجے سے مکمل آزاد کرائے بغیر ممکن نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غیر جمہوری اداروں کی طرف سے ہمسایہ ممالک میں شدت پسند مذہبی اور انتہا پسند تنظیموں کے ذریعہ مداخلت کی وجہ سے آج حکومت اِن دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہی ہے۔ پاکستان بھر میں موجود اِن کے ٹریننگ کیمپس اور مضبوط ٹھکانوں کے خلاف کوئی آپریشن عمل میں نہیں لا سکتی۔ یہی دہشت گرد تنظیمیں ہیں جنہیں غیر جمہوری قوتیں اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والی علاقائی، متعدل، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے خلاف بھی استعمال کرتی ہیں۔

سید عباس موسوی نے مزید کہا ہے کہ پاکستان جب سے قائم ہوا ہے، طاقت اور اختیار کا اصل مرکز غیر جمہوری ادارے ہی رہے ہیں۔ جب تک ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسی اِن غیر جمہوریہ اداروں کے چنگل سے آزاد نہیں ہو جاتی، تب تک پاکستان اقوام عالم کے ساتھ برابری کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات قائم نہیں کر سکتا۔ اِن شدت پسند تنظیموں کے ذریعہ سے جب تک ہمسایہ ممالک میں مداخلت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عالمی برادری اور ہمسایہ ممالک پاکستان کی امن کی جانب بڑھانے والے ہر قدم کو شک کی نگاہ سے دیکھے گی اور ایک وقت ایسا آئے گا جب پاکستان عالمی دنیا میں تنہا ہو کر رہ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جاری طالبان کا طالبان کے ساتھ نام نہاد امن مذاکرات دراصل عالمی برادری کو دیا جانے والا ایک اور دھوکہ ہے۔ جس کے ذریعہ دہشت گرد تنظیموں کو ملک کے کونے کونے میں اپنی جڑیں مزید مضبوط کرنے کے لئے موقع فراہم کرنا ہے۔ ہم ستر ہزار معصوم انسانوں کے قاتلوں کے ساتھ امن کے نام پر غیر آئینی مذاکرات کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور طالبان کے طالبان کیساتھ مذاکرات کو ستر ہزار معصوم انسانوں کے خون کے ساتھ خیانت تصور کرتے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 350262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش