0
Wednesday 19 Feb 2014 13:15
طاقت اور فوج کا استعمال بین الاقوامی مسائل کا راہ حل نہیں

حسن نیت کیساتھ آگے بڑھیں تو جامع معاہدہ معینہ مدت کے اندر امکان پذیر ہے، محمد جواد ظریف

حسن نیت کیساتھ آگے بڑھیں تو جامع معاہدہ معینہ مدت کے اندر امکان پذیر ہے، محمد جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران اور فائیو پلس گروپ کے حالیہ مذاکرات ایک جامع اور حتمی معاہدے پر منتج ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی یونیورسٹی ڈینور کے اساتذہ اور طلباء کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں کیا۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور فائیو پلس ون گروپ چھ ماہ کی معینہ مدت کے  دوران ہی کسی جامع معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامع معاہدہ تک پہنچنا نہایت سادہ اور آسان کام ہے، صرف اس کے لئے فریقین کو حسن نیت دکھانا ہوگی۔ محمد جواد ظریف نے گذشتہ دو ماہ کے دوران امریکی حکام کی جانب سے دیئے گئے بیانات کے بارے میں کہا کہ ان کے اس طرح کے اظہار خیالات کی وجہ سے مذاکرات کی کامیابی اور اس حوالے سے امریکی سنجیدگی کے بارے میں ایرانی عوام کے اندر شکوک و شبہات ایجاد ہوئے ہیں اور انہیں تشویش لاحق ہوگئی ہے۔ 

ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی حکام کی طرف سے جمہوری اسلامی ایران کے خلاف دھمکیوں اور طاقت کے استعمال کے آپشن کے بارے میں کہا کہ طاقت اور فوج کا استعمال بین الاقوامی مسائل کا راہ حل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو بھی اس امر کی جانب متوجہ ہونا چاہئے کہ یہ ہتھکنڈے خارجہ پالیسی میں غیر موثر ہوچکے ہيں اور دھمکیاں یا طاقت کا استعمال عدم اعتماد میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں دھمکیوں اور رعب و وحشت سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا۔ محمد جواد ظریف نے ایٹمی ہتھیاروں کو جمہوری اسلامی ایران کے لئے مخرب قرار دیا اور کہا کہ یہ منطقی نہیں ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کی طرف جائے۔ شام کی صورتحال کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کا تاکید کے ساتھ کہنا تھا کہ شام کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار صرف شامی عوام کو حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام سے باہر کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ شامی عوام کی جگہ فیصلہ کرے کہ  وہاں کس کو حکومت کرنی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 353233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش