0
Sunday 2 Mar 2014 18:10

23 مارچ کو کراچی میں تاریخی نظریہ پاکستان کانفرنس منعقد کی جائے گی، جماعة الدعوة

23 مارچ کو کراچی میں تاریخی نظریہ پاکستان کانفرنس منعقد کی جائے گی، جماعة الدعوة
اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة مارچ کے مہینے کو نظریہ پاکستان مہم کے طور پر منائے گی، کراچی میں 9 مارچ سے نظریہ پاکستان کے حوالے سے سیمینارز، کانفرنسز اور پروگرامات منعقد ہوں گے جبکہ 23 مارچ کو کراچی کی سطح پر ایک تاریخی نظریہ پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں مذہبی، سیاسی و قومی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ جماعة الدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ضلعی، تحصیلی و شعبہ جاتی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعة الدعوة کے تحت شہر بھر میں 9 مارچ سے 23 مارچ تک مختلف علاقوں میں 80 سے زائد نظریہ پاکستان کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں قیام پاکستان کے اصل محرکات اور اس کی نظریاتی حیثیت سے متعلق عمومی شعور کو بیدار کیا جائے گا۔ اس کے لئے مختلف کمیٹیاں قائم کرکے اہداف تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔

جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق گلشن اقبال، نیو کراچی، طارق روڈ، نارتھ ناظم آباد، ماڈل کالونی، گلشن معمار، اورنگی ٹاﺅن، بلدیہ کالونی، میٹروول سائٹ، لانڈھی، شیر پاﺅ، محمود آباد، کورنگی، سرجانی، لیاری، کیماڑی، رنچھوڑ لائن، گلبرگ، دستگیر، لیاقت آباد، عثمان آباد، ڈالمیا، احسن آباد، شیر شاہ، قائد آباد اور بن قاسم سمیت دیگر علاقوں میں کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، جس سے جماعة الدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جامعہ الدرسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف طیبی، مفتی یوسف کشمیری، الشیخ یحییٰ بھٹی، الشیخ محمد حسین بلتستانی، ابو عکاشہ منصور، حافظ کلیم اللہ اور حافظ محمد امجد سمیت دیگر مقررین خطابات کریں گے۔

ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر ہزاروں جانوں کی قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا تھا، مسلمانوں کے معاشرے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہی تشکیل پاتے ہیں۔ مزمل ہاشمی کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتیں مسلمانوں کو علاقائیت اور لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتی ہیں، اسی بنیاد پر سندھ، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں علیحدگی کی تحریکیں کھڑی کرکے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ فرقہ واریت اور گروہ بندیوں کے سلسلے ترک کئے جائیں اور نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے صحیح طور پر آگاہ کرنے کیلئے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 357164
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش