0
Wednesday 26 Mar 2014 17:17

ادارے کھوکھلے ہیں اور قرضوں پر چل رہے ہیں، علی امین خان

ادارے کھوکھلے ہیں اور قرضوں پر چل رہے ہیں، علی امین خان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ حکومت نے اداروں کی بہتری کے لیے مثالی قانون سازی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس پی او کے دفتر میں ایک روزہ سیمینار برائے فالو اپ و آگاہی بارے صوبائی و وفاقی محکمہ جات بذریعہ صوبائی اور وفاقی محتسب کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی محتسب رشیداللہ کنڈی، ایس پی اوکے ریجنل ہیڈشفیع اللہ بلوچ، خالد فیاض، ابوالمعظم ترابی، عنایت عادل، محمد ریحان سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ ہمیں اپنی سوچ کو تبدیل کرنا ہو گا۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے معلومات تک رسائی کا بل اسمبلی سے منظور کیا ہے۔ جس کے بعد اب ہر شخص ہر محکمے سے متعلق اپنی معلومات حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ادارے اندر سے کھوکھلے ہو چکے ہیں اور قرضوں پر چل رہے ہیں۔ امن و امان اور پولیس کے حوالے سے بہت کام کیا ہے۔ عوام کی بہتری و خیرخواہی کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان شہر کی سینیٹیشن کیلئے پچاس کروڑ روپے کا فنڈ منظور ہو چکا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے چاروں بازاروں کی تعمیر کیلئے بھی نو کروڑ روپے منظور ہو گئے ہیں۔ سرکلرروڈ، بنوں اڈہ، نیو بنوں چونگی، ڈیال روڈ اور ملتان روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی مرمت کا کام اپریل تک مکمل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا معاشرے میں اہم کردار ہے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیسٹنگ لیبارٹری ڈیرہ اسماعیل خان میں بن چکی ہے اگر کوئی شخص اپنے علاقے میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے میٹریل کو چیک کرانا چاہے تو مذکورہ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں چیک کرا سکتا ہے۔ ناقص کام کرنیوالے ٹھیکیدار کو بین کر دیا جائیگا۔ اس موقع پر ایس پی او کے ریجنل ہیڈ شفیع اللہ بلوچ، رشیداللہ کنڈی، ابوالمعظم ترابی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

 
خبر کا کوڈ : 366034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش