0
Monday 7 Apr 2014 11:56

بھارت، لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ جاری

بھارت، لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ جاری
اسلام ٹائمز۔ بھارت میں لوک سبھا کے 16ویں انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ جاری ہے، جو کسی وقفہ کے بغیر پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح سارھے 6 بجے ہوا۔ بڑی تعداد میں ووٹر پولنگ اسٹیشنوں پر قطاریں لگائے ہوئے ہیں۔ نو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں شمال مشرقی ریاستوں آسام اور تریپورا کے 6 حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے جہاں 8 ہزار 588 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ کے لئے الیکٹرانک مشینوں کی مدد لی جا رہی ہے اور پہلی مرتبہ رائے دہندگان کو کسی بھی امیدوار کو نہ چننے کا ’آپشن‘ بھی دیا گیا ہے۔ ایسے ووٹر ’ان امیداروں میں سے کوئی نہیں‘ والا بٹن دبا کر اپنی رائے دے سکیں گے۔

آسام کے14 میں سے 5 حلقوں تیز پور، کیلیابور، جورہٹ، دیبور گڑھ اور لکھیم پورمیں اور تریپورا میں مغربی تریپورا کے حلقے میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ انتخابات میں 10سیاسی جماعتوں کے 64 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ جن میں آزاد امیدواروں کے علاوہ کانگریس، آسام گانا پری شاد، عام آدمی پارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور مارکسٹ کے درمیان مقابلہ ہے۔ امیدواروں میں 91 فیصد مرد اور 9فیصد خواتین ہیں۔ 55فیصد امیدواروں کی عمریں 25 سے 50 سال کے درمیان ہیں جبکہ 3فیصد کی عمریں تو 70 سے بھی زیادہ ہیں۔ 12 مئی کو پولنگ کا آخری مرحلہ ہو گا اور نتائج کا اعلان 16 مئی کو کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 369986
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش