0
Monday 28 Apr 2014 10:24

بلوچستان حکومت اور عسکری قیادت میں بہترین تعلقات ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

بلوچستان حکومت اور عسکری قیادت میں بہترین تعلقات ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور عسکری قیادت میں بہترین تعلقات ہیں۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر جنجوعہ صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ میڈیا بلوچستان کے حالات کے بارے میں جو کچھ بتا رہا ہے، صحیح نہیں ہے۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو وسیع پیمانے پر فنڈز دیئے ہیں۔ جو صوبے کے مفاد میں خرچ کئے جا رہے ہیں۔ کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ خاص طور پر تعلیم اور صحت کے محکموں میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ اس لئے میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہوں۔ دن کے وقت کسی صحافی کا سول ہسپتال میں داخلہ بند نہیں کیا گیا۔ اگر کوئی صحافی رات کو ساڑھے بارہ بجے جاتا ہے تو اسکی اجازت ہم نہیں دیں گے۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ اور رکن صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید درانی سمیت اعلٰی فوجی حکام اور اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ ہماری حکومت کو بنے ہوئے 9 ماہ ہو چکے ہیں اور میں بڑے دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے بہت سے محکموں میں کرپشن ختم کی ہے اور کامیابی حاصل کی ہے۔ ہسپتالوں میں صفائی کا نظام بہتر کیا گیا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کسی ہسپتال میں دوائی نہ ہو۔ کوئٹہ شہر میں سڑکوں کی حالت بہتر بنائی گئی ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ میڈیا جو موجودہ حکومت کے بارے میں کہہ رہا ہے وہ غلط ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دس سال کا گند ایک دن میں صاف نہیں ہو سکتا۔ اس کیلئے ہم نے بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں پہلی بار صوبائی حکومت کو 28 ارب روپے سے زائد مل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے بارے میں اخبارات جو کچھ لکھ رہے ہیں وہ حقائق نہیں ہیں۔ انہیں چاہیئے کہ وہ میرے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے پر بات چیت کریں۔ میں انہیں بتاوں گا کہ ہم نے کہاں کہاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے۔ کور کمانڈر بلوچستان صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ جس پر ہم انکے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلی توجہ امن و امان پر دی اور اس میں بہتری آئی ہے۔ جہاں تک ہسپتالوں کا تعلق ہے، جو پہلے بات تھی اب بہتری آ رہی ہے اور لوگوں کی سوچ میں بھی تبدیلی آ رہی ہے۔ ہم نے بہت سے محکموں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قطعی طور پر غلط ہے کہ ہسپتالوں میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ صحافی جب چاہیں ہسپتال کا دورہ کرسکتے ہیں۔ مگر رات ساڑھے بارہ بجے کے بعد کسی صحافی کو ہسپتال میں جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اس سے قبل گالف چیمپیئن شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ میں فٹ بال اور والی بال کھیلتا رہا ہوں۔ صوبائی حکومت نے ہمیشہ کھلاڑیوں کی قدر کی ہے۔ ہم نے گذشتہ ماہ سپورٹس فیسٹول منعقد کروایا، تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوں۔ انشاءاللہ ہماری حکومت آئندہ بھی اس طرح کے فیسٹول کرائے گی تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ انہوں نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے گالف کلب کیلئے 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کی اہلیہ نے گالف ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔

خبر کا کوڈ : 376958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش