0
Friday 6 Jun 2014 19:54

سنی اتحاد کونسل نے سانحۂ فتح جنگ کیخلاف ملک گیر ’’یومِ تحفظ قومی سلامتی‘‘ منایا

سنی اتحاد کونسل نے سانحۂ فتح جنگ کیخلاف ملک گیر ’’یومِ تحفظ قومی سلامتی‘‘ منایا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام سانحۂ فتح جنگ میں فوجی افسروں اور شہریوں کی شہادتوں کے خلاف ملک گیر ’’یومِ تحفظ قومی سلامتی‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں علمائے اہلسنّت نے ’’دہشت گردی اور قومی سلامتی کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیئے اور جمعہ کے اجتماعات میں سکیورٹی فورسز پر اندرونی و بیرونی حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ نمازجمعہ کے بعد شہدائے افواج پاکستان کے لیے ہر مسجد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا اور مساجد کے باہر پرامن مظاہرے کیے گئے۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ دہشت گردوں پر آخری ضرب لگانے کا وقت آ گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے پاکستان کے غدار اور ریاست کے باغی ہیں۔ دہشت گردی کو کچلنے کے لیے پاک فوج کو فری ہینڈ دیا جائے۔ حکومت کی آپریشن سے گریز کی پالیسی کی وجہ سے پاک فوج کے افسر اور جوان شہید ہو رہے ہیں۔ اب دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے سوا حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں رہا۔ پاکستان دشمن طاقتیں طالبان کو استعمال کر رہی ہیں۔ قوم قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے قربانیاں دینے کے لیے تیار ہے۔ حکمران قومی سلامتی کے تحفظ کے تقاضے پورے کریں۔

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب صدیقی نے کراچی پریس کلب کے سامنے شہدائے افواجِ پاکستان کے لیے منعقدہ قرآن خوانی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے۔ قومی سلامتی کو نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار حکمران ہوں گے۔ سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے غیرملکی آقاؤں کو خوش کر رہے ہیں۔ فوجی افسروں اور جوانوں کی شہادتیں دہشت گردوں کی موت ثابت ہوں گی۔ شہدائے افواج پاکستان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین سیّد جوادالحسن کاظمی نے چکوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔ دہشت گردی کے ذریعے قومی سلامتی کے خلاف سازشیں تیز ہو چکی ہیں۔ پاک فوج ناموسِ ارضِ وطن کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں پیش کر رہی ہے۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی ڈوریاں بھارت اور امریکہ کے ہاتھ میں ہیں۔ طالبان نواز مذہبی راہنما ریاست کے باغیوں کی حمایت چھوڑ دیں۔ دہشت گردی ملک و قوم کے لیے ناسور بن چکی ہے۔

سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکزالاسلامی شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے کسی رحم کے مستحق نہیں۔ بھارت طالبان سے پاک فوج پر حملے کروا رہا ہے۔ مولانا وزیرالقادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مصلحتیں چھوڑ کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دوٹوک فیصلہ کرے۔ حکومت کی کمزوری کی وجہ سے دہشت گرد مضبوط ہوئے ہیں۔ بھارت دہشت گردی کو ہوا دے کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ یومِ تحفظ قومی سلامتی کے موقع پر بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، فیصل آباد میں ملک بخش الٰہی، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، میانوالی میں مولانا منظور عالم سیالوی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس، پشاور میں علامہ فضل جمیل نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 389724
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش