0
Monday 23 Jun 2014 10:46
لاہور میں نہیں اتروں گا، مجھے واپس اسلام آباد لے کر جایا جائے

ریاستی دہشتگردی کی انتہاء ہو چکی، فوج کا نمائندہ آنے تک طیارے سے باہر نہیں آئوں گا، طاہرالقادری

ریاستی دہشتگردی کی انتہاء ہو چکی، فوج کا نمائندہ آنے تک طیارے سے باہر نہیں آئوں گا، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کا طیارہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کر گیا ہے تاہم انہوں نے طیارے سے باہر نکلنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں لاہور میں نہیں اتروں گا، مجھے واپس اسلام آباد لے کر جایا جائے۔ طیارے میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اس ساری صورتحال پر دفاعی ادارے خاموش کیوں بیٹھے ہیں۔ میں لاہور میں نہیں اتروں گا۔ مجھے واپس اسلام آباد لے کر جایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی دہشتگردی کی انتہاء ہو چکی ہے۔ کیا حکومت خون بہانا چاہتی ہے؟۔ حکمران بوکھلا گئے ہیں۔ میں نے پاک فوج پر نگاہ رکھی ہے۔ مجھے صرف ان پر اعتماد ہے۔ میں صرف پاک فوج کے حکام سے ہی مذاکرات کروں گا۔ پاک فوج کو چاہیئے کہ وہ آ کر لوگوں کی جان بچائے۔ سول حکمرانوں اور دہشتگردوں سے بات نہیں ہو سکتی۔ واضع رہے کہ پاکستان عوامی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کینیڈا سے براستہ لندن اور دبئی سے بےنظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے۔ ان کے طیارے کی اسلام آباد بینظیر ائیرپورٹ پر آمد کا ٹائم ساڑھے آٹھ بجے تھا۔ غیر ملکی ائیر لائن کا طیارہ کافی دیر تک اسلام آباد کی حدود میں محو پرواز رہا تاہم اس کا رُخ لاہور کی جانب موڑ دیا گیا۔ غیر ملکی ائیر لائن کا طیارہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ساڑھے 9 بجے کے قریب لینڈ ہوا۔ طیارے کا رُخ موڑنے پر اور اسے لاہور ائیر پورٹ پر اتارنے کیخلاف ڈاکٹر طاہر القادری نے طیارے سے اترنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس وقت غیر ملکی ائیر لائن کے طیارے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد پر لاہور ائیرپورٹ کی سکیورٹی انتہائی سخت کرتے ہوئے موبائل جمیرز لگا دیئے گئے ہیں۔ اس وقت لاہور ائیرپورٹ پر بُلٹ پروف گاڑیاں اور ہیلی کاپٹر بھی موجود ہے جس کے ذریعے انھیں ماڈل ٹائون میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچایا جا سکتا ہے۔ ماڈل ٹائون میں ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائشگاہ کے قریب ہیلی پیڈ بھی بنا دیا گیا ہے۔ ایلیٹ فورس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ بتایا جائے طیارہ لاہور کیوں لایا گیا، فوج کا نمائندہ آنے تک طیارے سے باہر نہیں آؤں گا، فوج کے اعلٰی افسر آئیں اور سکیورٹی فراہم کی جائے۔ طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ہزاروں لوگ اسلام آباد میں ہیں ان کے جذبات کیوں مجروع کیے جا رہے ہیں، پاکستانی شہری ہوں کہیں بھی اترنا میرا حق ہے، طیارہ کا رخ لاہور موڑنا درست نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت نہیں آمرانہ نظام ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ بتایا جائے کہ طیارہ لاہور کیوں لایا گیا۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ وہ فوج کا نمائندہ آنے تک طیارے سے باہر نہیں آئیں گے، فوج کے اعلیٰ افسر آئیں اور سکیورٹی فراہم کی جائے، فوج کی سکیورٹی میں گھر جانے کے لیے تیار ہوں۔ دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی بڑی تعداد رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے احاطے میں داخل ہو گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 394406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش