اسلام ٹائمز۔ جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں تخریبی کارروائیوں کے خدشے کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سکیورٹی انتظامات سخت کرنے اور اہم شخصیات و حساس تنصیبات کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اور سکیورٹی سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے کمانڈر عبدالولی خراسانی جو مشرقی افغانستان میں متحرک ہے نے راولپنڈی اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تخریبی کاروائیوں کے لئے 16 سے 25 سال کے افراد پر مشتمل 40 لوگوں کا گروپ تیار کیا ہے جنہیں سکیورٹی فورسز، سرکاری تنصیبات، آئل ریفائنریز کو نشانہ بنانے کا ٹارگٹ سونپا گیا ہے۔ گروپ میں شامل افراد کو کلین شیو رہنے اور شلوار قمیض، ویسٹ کوٹ کی بجائے پینٹ شرٹ یا قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی یونیفارم پہننے اور چار کے گروپ میں رہ کر کاروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح انہیں سختی سے پابند بنایا گیا ہے کہ اپنی پناگاہیں چھوڑنے سے قبل اپنے زیراستعمال فونز سے تمام رابطہ نمبر ختم کر دیں۔