0
Thursday 11 Sep 2014 23:11

پنجاب یونیورسٹی:اسلامی جمعیت طلباء کے کارکنوں نے اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

پنجاب یونیورسٹی:اسلامی جمعیت طلباء کے کارکنوں نے اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے یونیورسٹی میں زبردستی لگائے گئے رہنمائے داخلہ کیمپ روکنے پر کارکنوں نے اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پنجاب یونیورسٹی میں نئے داخلوں کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے یونیورسٹی میں ایک کیمپ لگا رکھا تھا جس میں طلباء کو زبردستی کیمپ میں لایا جاتا اور ان سے اسلامی جمعیت طلباء کی کی ممبر شپ کے فارم بھروا کر انہیں پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے مائل کیا جاتا۔ نئے آنے والے طلباء نے رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی سے اس امر کی شکایت کی تو رجسٹرار نے طلباء کی شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے جمعیت کے کارکنوں کو کیمپ ختم کرنے کا کہا تو کارکن مشتعل ہو گئے اور رجسٹرار سمیت ان کیساتھ آنے والے دیگر اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ جس پر رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی نے گارڈ ز کو طلب کر لیا جنہوں نے آ کر اسلامی جمعیت طلباء کا کیمپ ختم کرا دیا۔

رجسٹرار کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی میں کسی بھی تنظیم کو اپنی سرگرمی جاری رکھنے کی اجازت نہیں کیوں کہ اس سے طلباء کے تعلیم ماحول پر اثر پڑتا ہے لیکن جمعیت والے پنجاب یونیورسٹی کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں اور اپنی تنظیم کے علاوہ دوسری تنظیموں کے طلباء کو بھی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ رجسٹرار کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی مادر علمی ہے دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں، لیکن جمعیت والوں نے اسے دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ ہم کیمپ رکوانے کے لئے آئے تو اسلامی جمعیت طلبا کے کارکنوں اسامہ نصیر، عبدالمالک، تیمور اور بہرام نے ان کیساتھ بدتمیزی کی اور انہیں دھکے دیتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا جس پر گارڈز کو طلب کیا گیا جنہوں نے یونیورسٹی سے جمعیت کا کیمپ اکھاڑ پھینکا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کے کارکن نئے آنے والے طلبا سے زبردستی ممبرشپ فارم بھروا رہے تھے جس کی یونیورسٹی انتظامیہ کسی طور اجازت نہیں دے سکتی۔

دوسری جانب اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پچھلے 5 سال سے یونیورسٹی میں نئے آنیوالے طلباء کیلئے راہنمائے داخلہ کیمپ لگاتی ہے اور ملک بھر سے آنیوالے طلباء کی داخلہ کیلئے راہنمائی کرتی ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے IER ڈیپارٹمنٹ کے سامنے راہنمائے داخلہ کیمپ لگایا۔ کیمپ پر یونیورسٹی کے طلبہ نئے آنیوالے طلباء کی راہنمائی کر رہے تھے کہ اساتذہ کی سرپرستی میں ڈنڈوں سے لیس یونیورسٹی کے سیکورٹی گارڈز نے کیمپ پر بیٹھے پرامن طلباء پر دھاوا بول دیا۔ طلباء کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس سے متعدد طلباء زخمی ہو گئے۔
خبر کا کوڈ : 409280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش