0
Monday 15 Sep 2014 01:30
وزیراعظم سے استعفٰی لئے بغیر واپسی نہیں ہوگی

ظلم دیکھ کر منہ دوسری طرف نہیں کرسکتے، عمران خان کا موجودہ حکمرانوں اور نظام کیخلاف اعلان بغاوت

ظلم دیکھ کر منہ دوسری طرف نہیں کرسکتے، عمران خان کا موجودہ حکمرانوں اور نظام کیخلاف اعلان بغاوت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کو ہرانے کا عزم اور مضبوط ہوگیا ہے، اس موجودہ نظام کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو بلاوجہ گرفتار کرکے ان پر جیلوں میں ظلم اور تشدد کیا جا رہا ہے، دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں انسانوں کے خلاف ایسا سلوک نہیں ہوتا، ظلم کرنے والے ہر شخص کو سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کو توہین آمیز بیان پر قانونی نوٹس بھیج دیا، ظلم دیکھ کر منہ دوسری طرف نہیں کرسکتے، حکمرانوں کو ہرانے کا عزم اور پکا ہوگیا ہے، اس نظام اور ظالموں کیخلاف اعلان بغاوت کرتا ہوں، ظالموں کو شکست دے کر دکھائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک میں تبدیلی لے کر آ رہے ہیں، اس ملک میں اب جو بھی حکمران بنے گا وہ اس ملک کی عوام کو جوابدہ ہوگا، جو ہر سوال کا جواب دے گا اور اگر وہ جھوٹ بولے گا، عوام کو حقوق نہیں دے گا تو اس کا احتساب کریں گے، اس کو عوام کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ حقوق مانگنے والوں کے گرد پولیس کے 30 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، کارکنوں پر ظلم کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف ویب سائٹ بنا دی گئی ہے، ویب سائٹ پر سب سے پہلے آئی جی پنجاب طاہر عالم کا نام ڈال دیا گیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کے ان تمام گلو بٹوں کے نام ویب سائٹ پر ڈال رہے ہیں، ان سب کو تشدد پر سزا دیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد سونامی کراچی آنے والا ہے، شریف برادران سے فارغ ہو کر سندھ اور بلوچستان کے دورے کروں گا، ان کو بھی انصاف دلوائیں گے، وڈیروں سے نجات ملے گی اور ممبر قومی اسمبلی کو نکال کر پیسہ براہ راست عوام کو دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم ان پاکستانیوں کو حقوق دلوئیں گے جن کو پارلیمنٹ حقوق نہیں دے سکی، ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے شکر گزار ہیں کہ ہمارے کارکنوں کو رہا کرایا، عدلیہ پولیس کی جانب سے تشدد کا بھی نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 409732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش