0
Wednesday 17 Sep 2014 12:01

ضرب عضب، دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں متعدد دہشتگرد ہلاک، 8 مشتبہ ٹھکانے تباہ

ضرب عضب، دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں متعدد دہشتگرد ہلاک، 8 مشتبہ ٹھکانے تباہ
اسلام ٹائمز۔ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے میں شمالی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل دتّہ خیل میں بدھ کی صبح پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد شدت پسند ہلاک، جبکہ ان کے کئی مشتبہ ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں شدت پسندوں کے خلاف پاک فوج کا ایک مؤثر آپریشن جاری ہے، جس میں آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق اب تک تقریباً نو سو دس شدت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن ضربِ عضب کے دوران شمالی وزیرستان کے ایک بڑے علاقے کو خالی کروایا جا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کے علاقوں زننر رکس، دتہ خیل اور قضہ مداخیل میں مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں آٹھ مشتبہ ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں تاہم پاک فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ جیٹ طیاروں کی یہ تازہ ترین کارروائی افغان سرحد سے شدت پسندوں کی جانب سے شمالی وزیرستان میں ایک فوجی چوکی پر حملے کے ایک روز بعد کی گئی ہے۔ دہشت گردوں کے اس حملے کو پاکستانی فوج نے ناکام بناتے ہوئے گیارہ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعوی کیا تھا۔ واضح رہے کہ آپریشن ضربِ عضب رواں سال آٹھ جون کو کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شدت پسندوں کے حملے کے صرف ایک ہفتے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد شمالی وزیرستان کو مقامی اور غیر ملکی شدت پسندوں سے خالی کروانا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان تحصیل دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں آٹھ دہشتگرد ہلاک اور چھ مشتبہ ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب جاری، دہشتگردوں پر ایک اور کاری وار، جیٹ طیاروں نے تحصیل دتہ خیل، فقا مداخیل، انذرکس اور سون زئی کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق بمباری کے نتیجے میں آ ٹھ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ بمباری سے دہشتگردوں کے چھ مشتبہ ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ بمباری حافظ گل بہادر گروپ کے علاقے میں کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 410149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش