0
Sunday 21 Sep 2014 23:57
حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ ہونے والا ہے

نوجوان اور خواتین چوکس رہیں، ہمیں غلط قسم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، علامہ طاہرالقادری

ہماری عداوت کسی گھرانے یا پارٹی سے نہیں بلکہ ظالمانہ نظام سے ہے
نوجوان اور خواتین چوکس رہیں، ہمیں غلط قسم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، علامہ طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ اسلام آباد میں انقلابی دھرنے سے خطاب میں پی اے ٹی کے سربراہ  کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ کے شرکاء جمہوریت سکھانے کے لئے آئے ہیں، حکمرانوں میں امانت اور دیانت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ علامہ طاہرالقادری نے کہا کہ صدر، وزیراعظم، وزیراعلٰی، گورنر سب کرپشن کرتے ہیں، امریکہ کے 8  گورنر کرپشن کے الزام میں برطرف ہوگئے، نواز شریف قتل کا ذمہ دار ٹہرائے جانے کے بعد بھی وزارت عظمٰی سے استعفٰی دینے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکمرانوں کو مخاطب کرکے کہا کہ تم کرپشن کی طرف جا رہے ہو، ہم دیانت کی طرف جا رہے ہیں، حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ ہونے والا ہے، تم بادشاہت کی طرف جا رہے ہو ہم شفافیت کی طرف جا رہے ہیں۔ علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ظلم اور بربریت کی انتہا کر دی ہے، یہ پارلیمنٹ آئین کا قبرستان ہے، ایک خاندان کے 24 افراد ایم این اے اور ایم پی ایز ہیں، زراعت کے لئے پانی کی قلت کا مسئلہ حل نہیں کیا جا رہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ انقلاب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ تمام آنے والے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ واپس نہیں جانا، کل شام بتاؤں گا کہ واپس کب جانا ہے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ موجودہ پاکستانی نظام صرف کرپشن اور مُک مُکا کا نظام ہے۔ ہم اس نظام کو بدلنا چاہتے ہیں۔ ہماری عداوت کسی گھرانے یا پارٹی سے نہیں بلکہ اس ظالمانہ نظام سے ہے۔ ہماری جنگ ذاتیات پر نہیں بلکہ نظام کی خرابی کے خلاف ہے۔ اگر قابل لوگ آجائیں تو یہ ملک سالوں میں ملائشیا یا ترکی بھی بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیادی صلاحیت کسی ملک سے کم نہیں ہے، صرف کرپٹ لوگ کھا گئے۔ پاکستان میں تمام وسائل موجود ہیں مگر حکمران بدنیت ہیں۔ حکمرانوں کو عوام کی بہتری کے بجائے اپنی کمیشن کی پڑی ہے۔ طاہر القادری نے کہا کہ نوجوان اور خواتین چوکس رہیں، ہمیں غلط قسم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انقلاب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ تمام آنے والے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ واپس نہیں جانا، کل شام بتاؤں گا کہ واپس کب جانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 410931
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش