0
Wednesday 1 Oct 2014 22:13

دھرنے والے حق پر ہیں میری ہمدردیاں انکے ساتھ ہیں، پرویز مشرف

دھرنے والے حق پر ہیں میری ہمدردیاں انکے ساتھ ہیں، پرویز مشرف
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی ہوتے نظر آ رہی ہے لیکن نئے انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔  سابق صدر پرویز مشرف کا آل پاکستان مسلم لیگ کے یوم تاسیس سے خطاب میں کہنا تھا کہ مجھے اس وقت پاکستان میں حکومت کی تبدیلی ہوتے ہوئے نظر آ رہی ہے لیکن نئے انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ حالات کی بہتری کیلئے کام کرنے والوں کیساتھ ہوں۔ نواز شریف پاکستان میں خوشحالی لائیں تو میں ان کا بھی ساتھ دوں گا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ میرے شکوک و شبہات صحیح ثابت ہوئے، 2013ء کے الیکشن کے بعد کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ وسائل کے باوجود پاکستان میں ترقی نہ ہونا افسوسناک ہے۔ بدقسمتی سے ملک میں وہی ماحول چل رہا ہے۔ قوم بجلی، گیس اور پانی کے بحران سے گزر رہی ہے۔ پاکستان کی معیشت تباہی کی جانب جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے والے حق پر ہیں کیونکہ ان کی باتوں میں سچائی اور ہمدردی ہے، میری ہمدردیاں ان کیساتھ ہیں۔ پاکستان کے اندر سیاسی تبدیلی لانا ہوگی۔ پرویز مشرف نے کہا کہ میں نے اپنی ذات سے بالاتر ہو کر صرف پاکستان کیلئے سوچا۔ میں اس لئے وطن واپس آیا کیونکہ ملکی صورتحال انتہائی تشویشناک تھی۔ میں نے ملک کیلئے جنگیں لڑیں لیکن مجھ پر آرٹیکل 6 لگا دیا گیا۔ عوام کو ترقی اور خوشحالی دی لیکن مجھ پر غداری کا مقدمہ بنا دیا گیا۔ مجھے زندگی بھر کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا جو کہ غیر آئینی ہے۔ فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کرونگا۔ اُمید ہے کہ مجھے انصاف ضرور ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی ذات سے بالاتر ہوکر قوم کیلئے سوچتا ہوں۔ میں ایک عام آدمی کی طرح پاکستان کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں۔ ملک میں تبدیلی لانے کیلئے سیاسی پارٹی بنائی تھی۔ جب تک خود قیادت نہیں کرونگا پارٹی میں جان نہیں پڑے گی۔ ملک میں تسیری قوت بنانے کی ضرورت ہے۔ تیسری قوت انتخابی اصلاحات کیلئے بھی بہت ضروری ہیں۔ ایسا سسٹم لانا ہے جس میں پاکستان کی ترقی کیلئے کام ہو۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا ہےکہ مجھے پاکستان میں تبدیلی آتی نظر آ رہی ہے، تبدیلی کے بعد الیکشن ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ سابق جنرل نے کراچی میں اپنی جماعت اے پی ایم ایل کے یوم تاسیس کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، انہوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد سے خطاب کیا۔ پرویز مشرف نے مزید کہا کہ ملک کا صدر رہا اور آرمی چیف رہا، میری سوچ عام آدمی سے الگ ہے، پہلے سندھی اس کے بعد پاکستانی ہوں۔ اسلام آباد میں جاری پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ دھرنے والے حق پر ہیں میری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں، وسائل کے باوجود ملک میں تبدیلی نہ ہونا افسوسناک ہے، الیکشن شفاف ہوں دھاندلی نہ ہو ایک تبدیلی لانا ہوگی۔ سابق فوجی حکمران نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میں طاہر القادری کے ساتھ ہوں ایسا نہیں ہے، میرے طاہر القادری کے ساتھ ہونے کی باتیں بچگانہ ہیں، اگر نواز شریف کی حکومت ٹھیک چل رہی ہو اور عوام خوشحال ہوں تو ان کا ساتھ دوں گا۔ سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ اگر تبدیلی نہ لائی گئی تو ملک کا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی عہدے کا لالچ نہیں ہے، ملک کا وقار بلند کیا، پاکستان کے لیے جنگیں لڑیں اور مجھ پر ہی آرٹیکل 6 لگا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کرنے فیصلہ کیا تھا، مجھے معلوم تھا کہ سیاسی معاملات مں الجھایا جائے گا اور الیکشن 2013ء میں میرے خدشات درست ثابت ہوئے۔ جنرل (ر) پرویز مشرف نے تسلیم کیا کہ پاکستان کے سکیورٹی اور قانونی خطرات اتنے زیادہ ہونے کا اندازہ نہیں تھا، ملک میں تبدیلی لانا چاہتا تھا کیونکہ اس سیاسی کلچر میں تبدیلی لانا ہوگی۔ سابق صدر پرویز مشرف کہتے ہیں کہ حکومتی حلقے کہتے ہیں کہ میں طاہرالقادری کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کے ساتھ نہیں ہوں، طاہر القادری کے ساتھ جوڑنا بچگانہ بات ہے، انہوں نے کہا کہ میں عوام کے ساتھ ہوں، پارلیمینٹیرین سے کہتا ہوں کہ وہ ملک اور عوام کیلئے وفاداری کو ترجیح دیں، انہوں نے کہا کہ دھرنے والے سچائی اور حق کی طرف ہیں، میری تمامتر ہمدردیاں دھرنے والوں کیساتھ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 412746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش