0
Sunday 5 Oct 2014 20:29

کراچی، گلشن اقبال میں رینجرز کا آپریشن، 20 کلو وزنی بم، بارودی مواد اور بھاری اسلحہ برآمد

کراچی، گلشن اقبال میں رینجرز کا آپریشن، 20 کلو وزنی بم، بارودی مواد اور بھاری اسلحہ برآمد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں سندھ رینجرز نے سرچ آپریشن کرکے 10 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک گھر سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود سمیت خودکش جیکٹس بھی برآمد کرلی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع عابد ٹاؤن، ڈسکو بیکری اور اس کے اطراف کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا جہاں عابد ٹاؤن کے اپارٹمنٹس میں گھر گھر تلاشی لی گئی جبکہ اس دوران رینجرز نے علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی مکمل ناکہ بندی کردی اور کسی شخص کو بھی اندر آنے یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ رینجرز کی جانب سے سرچ آپریشن میں عابد ٹاؤن کے اپارٹمنٹ سے 4 افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں کی جانب سے گرفتاریوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ دوسری جانب رینجرز نے ڈسکو بیکری کے عقبی علاقے میں بھی سرچ آپریشن کیا جہاں ایک مکان سے بھاری تعداد میں بارودی مواد برآمد کرکے 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رینجرز نے مکان سے برآمد ہونے والا سامان میڈیا کے سامنے پیش کیا جس میں 10 کلاشنکوف، 8 راکٹ لانچر شامل ہیں جبکہ اس دوران بارود سے بھری 20 پیٹیاں اور خودکش جیکٹس بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا، محاصرے کے دوران 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ ایک مکان سے 20 کلو وزنی بم اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ رینجرز کے مطابق گلشن اقبال فائیو اسٹار اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا گیا جہاں محاصرے کے دوران 3 افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ رینجرز نے ڈسکو بیکری کے قریب بھی محاصرہ کیا جہاں ایک مکان سے 20 کلو وزنی بم، خودکش جیکٹس، راکٹ لانچر، کلاشنکوف اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے بم کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب محاصرے اور گرفتاریوں کیخلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
خبر کا کوڈ : 413256
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش