0
Monday 27 Oct 2014 22:07

علامہ غلام رضا نقوی کو مزید ایک ماہ کیلئے نظر بند کر دیا گیا، جیل کے باہر احتجاجی دھرنا شروع

علامہ غلام رضا نقوی کو مزید ایک ماہ کیلئے نظر بند کر دیا گیا، جیل کے باہر احتجاجی دھرنا شروع
اسلام ٹائمز۔ ممتاز شیعہ عالم دین، سپاہ محمد پاکستان کے سربراہ اور اسیر ملت علامہ غلام رضا نقوی کو مزید ایک ماہ کے لئے نظر بند کر دیا گیا۔ علامہ غلام رضا نقوی کو کیمپ جیل لاہور میں نظر بند کیا گیا۔ اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ علامہ غلام رضا نقوی کی جانب سے بلا جواز قید کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا، جس پر عدالت نے 37 صفحات پر مشتمل فیصلہ سناتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا، لیکن ڈی سی او لاہور نے نقص امن کا بہانہ بنا کر انہیں مزید 3 ماہ نظر بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ نظر بندی کے نوٹیفکیشن سے قبل علامہ غلام رضا نقوی کی رہائی کی صورت میں ان کے شاندار استقبال کا اہتمام کیا گیا تھا، کیمپ جیل کے باہر علامہ غلام رضا نقوی کا استقبال کرنے کے لئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اسد عباس نقوی، لیاقت گھلو، شیعہ علماء کونسل کے مولانا حسن رضا قمی، شیعہ شہریان پاکستان کے علامہ وقارالحسنین نقوی، متحدہ شیعہ محاذ کے کنوینئر شاکر رضوی اور علامہ غلام رضا نقوی کے اہل خانہ سمیت اہل تشیع کی کثیر تعداد موجود تھی۔

علامہ غلام رضا کی رہائی کی بجائے ان کی نظر بندی کے احکامات ملنے پر کارکن مشتعل ہو گئے اور پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کر دی۔ مظاہرین نے ایم ڈبلیو ایم کی اپیل پر پنجاب حکومت کے فیصلے کے خلاف کیمپ جیل کے سامنے دھرنا شروع کر دیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک علامہ غلام رضا نقوی کو رہا نہیں کیا جاتا وہ یہاں سے نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ داخلہ کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، نظر بندی کا نوٹیفکیشن وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے دباؤ پر جاری کیا  گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن توہین عدالت ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل (کیمپ جیل) کے باہر رات گئے تک دھرنا جاری تھا، جس میں شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہی تھی۔ علامہ غلام رضا نقوی کے خلاف کالعدم سپاہ صحابہ کے سربراہ مولانا اعظم طارق پر قاتلانہ حملے سمیت درجنوں بے بنیاد مقدمات قائم کئے گئے تھے، جو عدالتی ٹرائل میں جھوٹے ثابت ہوئے اور عدالت نے انکی رہائی کے احکامات جاری کر دیئے، لیکن پنجاب حکومت نے عدالتی احکامات کو پس پشت ڈال کر ان کی نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے۔
خبر کا کوڈ : 416752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش