0
Thursday 6 Nov 2014 19:29

وفاقی کابینہ کا اجلاس، قصور میں مسیحی جوڑے کے قتل کی شدید مذمت

وفاقی کابینہ کا اجلاس، قصور میں مسیحی جوڑے کے قتل کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قصور میں مسیحی جوڑے کے قتل کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعظم نے کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا حکم دے دیا جبکہ بجلی کی زائد بلنگ کے ذمے داران کیخلاف بھی کارروائی کی ہدایت کر دی گئی۔ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت پانی و بجلی، ریلوے اور دیگر محکموں کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران وزارت منصوبہ بندی کی کارکردگی سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی گئی اووربلنگ پر وزیراعظم نے استفسار کیا کہ اس معاملہ کا کیا ہوا؟ اب تک کیا ایکشن لیا گیا ہے؟ پانی اور بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے بتایا کہ اوور بلنگ کے معاملے سے نمٹنے کے لئے جامع میکنزم بنا رہے ہیں، اس معاملے پر جس سطح پر خرابی ہوئی، اس کی نشاندہی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ، شکایات کا ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کے معاملے میں ملوث عناصر کی بھی نشاندہی ہونی چاہیئے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ معیشت کو تباہ کرنے میں کرپٹ عناصر کا بڑا ہاتھ ہے۔ ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ملک کی قسمت بدل جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے میں تاخیر کے باعث لاگت بڑھ گئی ہے۔ چائنا کے دورے میں چینی صدر دس ہزار چار سو میگاواٹ بجلی کے منصوبے پر دستخط کریں گے۔ اجلاس میں کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کے قتل پر اظہار مذمت کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مسیحی جوڑے کے قتل کے کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے وزیراعظم نے کہا تھا کہ اووربلنگ کے معاملہ کا سخت نوٹس لیا جائیگا اور اس حوالے سے کمیٹی بھی بنائی گئی تھی لیکن صارفین کو تاحال اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا کہ حکومت ان سے لیے گئے زائد بل کیسے واپس کریگی۔
خبر کا کوڈ : 418260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش