0
Sunday 19 Dec 2010 12:36

بیان پر قائم ہوں،سب جانتے ہیں کراچی میں دہشت گردی کون کر رہا ہے،ایم کیو ایم حکومت میں رہنے یا چھوڑنے کا فیصلہ کر سکتی ہے،وزیر داخلہ سندھ

بیان پر قائم ہوں،سب جانتے ہیں کراچی میں دہشت گردی کون کر رہا ہے،ایم کیو ایم حکومت میں رہنے یا چھوڑنے کا فیصلہ کر سکتی ہے،وزیر داخلہ سندھ
کراچی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ میں اپنے اس بیان پر قائم ہوں کہ کراچی میں دہشت گردی میں گرفتار کیے گئے ملزمان میں سے 26 کا تعلق کراچی کی سب سے بڑی جماعت سے ہے،سب جانتے ہیں کراچی میں دہشت گردی کون کر رہا ہے، ایم کیو ایم حکومت میں رہنے یا چھوڑنے کا فیصلہ کر سکتی ہے،نمبر گیم نہیں بدلے گا،کسی سے نہیں ڈرتا،نہ ہی کسی سے ذاتی جھگڑا ہے،جو سچ تھا وہ بتا دیا،حکومت کرمنل طریقہ کار برداشت نہیں کریگی،تمام معاملات سے صدر،وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کرتا رہا ہوں،مجھے پارٹی کی حمایت حاصل ہے اور رہے گی،متحدہ نے الٹی میٹم نہیں دیا،وضاحت مانگی ہے،تسلی کیلئے بات مزید واضح کر سکتے ہیں،تنقید کا خیرمقدم کرتا ہوں،حکومتی اور پارٹی کی ذمہ داری بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی پی میڈیا سیل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی میں گرفتار کیے گئے ملزمان میں سے 26 ملزمان کا تعلق کراچی کی سب سے بڑی جماعت سے ہے اور اس کے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں کیونکہ جو میں نے کہا ہے،وہ ہوا میں بات نہیں کی ہے۔انٹیلی جنس کی رپورٹ پر بیان دیا، جو حقیقت پر مبنی ہے اور وہ بیان ٹی وی چینلز کے ذریعے پوری دنیا نے دیکھا ہے اور سب کو اس بیان کی سی ڈی کا پتہ ہے۔اگر اتحادی جماعت کو وہ سی ڈی پیش کرنی ہے تو بھلے کریں،اگر کوئی اور سی ڈی ہے تو اس کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی حیثیت سے ملزمان کے متعلق جو رپورٹ سامنے آئی وہ عوام کے سامنے پیش کی ہے کیونکہ عوام نے مجھے منتخب کیا ہے اور عوام کے سامنے ہی جواب دہ ہوں۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے حکومت میں رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ وہ خود کرسکتے ہیں،تاہم ہم چاہتے ہیں کہ انہیں ساتھ لے کر چلیں۔
 انہوں نے کہا حقیقت بتائی ہے تو ہل چل تو مچے گی،اور جو میں نے بات کی ہے بند کمرے میں نہیں کی ساری دنیا کو پتہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس نمبر پورے ہیں، پورے تھے اور مزید پورے رہیں گے۔حکومت پانچ سال مدت پوری کرے گی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھی بھی حکومت کے ساتھ اکٹھے نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے گرفتار کیے گئے ملزمان کو بٹھا کر ڈانس پارٹی نہیں کرتا،ان ملزمان کو عدالتوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔کچھ ملزمان کے چالان پیش کیے گئے ہیں اور کچھ ملزمان کے چالان جلد پیش کیے جائیں گے اور وہ ملزمان جیلوں میں موجود ہیں،اب عدالتوں کا کام ہے کہ گرفتار ملزمان کو سزا دیں۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے الٹی میٹم نہیں دیا،وضاحت مانگی ہے اور ان کو میں وضاحت دے چکا ہوں،اگر انہیں اب بھی تسلی نہیں ہے تو پارٹی قیادت متحدہ کو مزید وضاحت دے کر تسلی دے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں برداشت پیدا کرنی پڑتی ہے،ہر ایک کو بولنے کا حق ہے اور میں اپنے اوپر کی گئی تنقید کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ 
انہوں نے کہا کہ 10 محرم سے قبل دہشت گرد دہشت گردی کرنا چاہتے تھے،تاہم سیکورٹی اداروں، پولیس، رینجرز کی کارکردگی سے امن وامان برقرار رہا اور دس محرم سے قبل کچھ لوگ گرفتار کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام میں دس محرم کو متحدہ قومی موومنٹ کا کردار بہت اچھا تھا۔امن وامان کے قیام میں تعاون کرنے پر تمام سیاسی جماعتوں،مذہبی جماعتوں،کراچی کی عوام اور پولیس،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکر گزار ہوں۔27 دسمبر کو شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات سخت کیے جائیں گے،امید ہے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر پیر مظہرالحق نے کہا کہ متحدہ سے اتحاد قائم رہے گا۔اگر متحدہ کو شکایات ہیں تو ان کا ازالہ کیا جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے بیان پر پیپلز پارٹی کو دس دن کی مہلت دی ہے،جس کی وضاحت کب دیں گے؟کے جواب میں پیر مظہرالحق نے کہا کہ جب وقت آئیگا تو متحدہ قومی موومنٹ کو جواب دیاجائیگا۔پی پی میڈیا سیل کے انچارج شرجیل میمن نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا بیان حقیقت پر مبنی تھا۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو نہیں ہٹایا جائے گا،نہ ہی وزارت داخلہ کسی اور کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی سے نہیں ڈرتی،جب مارشل لاء میں پیپلز پارٹی کسی سے نہیں ڈری تو اب کیا ڈرے گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں تھانے فروخت ہوتے تھے مگر اب وہ سلسلہ نہیں ہے۔

خبر کا کوڈ : 47329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش