0
Sunday 26 Dec 2010 15:22

شمالی وزیرستان میں طالبان عدالتوں اور جیلوں کا انکشاف،کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے 23 لاپتہ افراد کے اغوا کی ذمہ داری قبول

شمالی وزیرستان میں طالبان عدالتوں اور جیلوں کا انکشاف،کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے 23 لاپتہ افراد کے اغوا کی ذمہ داری قبول
میرانشاہ،پشاور: اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان میں طالبان عدالتوں اور جیلوں کا انکشاف،کالعدم تحریک طالبان نے جنوبی وزیرستان سے لاپتہ ہونیوالے 23 افراد کے اغوا کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان افراد کیخلاف طالبان عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے اور ان کی زندگی و موت کا فیصلہ 4دن کے اندر سنا دیا جائے گا،مغویان سے 6 قاضیوں پر مشتمل بینچ نے دو ہفتے تفتیش کی ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے ”بی بی سی“ کے مطابق جنوبی وزیرستان سے لاپتہ ہونیوالے 23 افراد کے اغوا کی ذمہ داری تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کر لی، یہ افراد دو ہفتے پہلے رزمک سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ اس سے پہلے شمالی وزیرستان کے ایک اعلی سرکاری اہلکار نے بتایا تھا کہ تحصیل رزمک میں جنوبی وزیرستان آپریشن سے متاثر ہونے والے محسود قبائل کا ایک 23 رکنی وفد طالبان سے ملنے کے لیے ایک پہاڑی علاقے میں گیا تھا جو واپس نہیں پہنچا، وفد میں شامل تمام افراد کا تعلق محسود قبائل سے ہے۔ 
بی بی سی کے مطابق تحریکِ طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان اعظم طارق نے بتایا کہ محسود قبائل سے تعلق رکھنے والے 23 افراد طالبان کی ایک جیل میں قید ہیں جن پر طالبان کی عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار دن کے اندر اندر ان کی موت اور زندگی کا فیصلہ سنا دیا جائے گا، چھ قاضیوں پر مشتمل ایک اسلامی بینچ نے گزشتہ دو ہفتوں سے ان سے تفتیش کی ہے اور اب قاضیوں کے فیصلے کے بعد ان کو سزا دی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق حکومت کے حامی اور اس طرح کے جرم کرنے والے لوگ طالبان کی عدالت سے نہیں بچ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی جیل میں قید تمام افراد چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز کیانی کے جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پر مکین گئے تھے۔ بی بی سی کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک اور جنوبی وزیرستان کی تحصیل مکین ایک دوسرے سے جڑے ہوئی ہیں جہاں سکیورٹی فورسز کی اکثر چوکیوں پر حملے بھی انہی علاقوں سے کیے جاتے ہیں۔ اس سے پہلے شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں مقامی لوگوں نے یہ کہا تھا کہ طالبان جنگجو، لاپتہ ہونے والے افراد پر یہ الزام لگا رہے تھے کہ جب چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز کیانی جنوبی وزیرستان کے دورے پر آئے تھے تو یہ لوگ جنوبی وزیرستان کی تحصیل مکین میں ایک سکول کے افتتاح کے موقع پر وہاں گئے تھے۔

خبر کا کوڈ : 48085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش