0
Monday 31 Jan 2011 13:39

ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں کرینگے،شہباز شریف،امریکی شہری پر پاکستانی قوانین کے مطابق مقدمہ چلے گا،راجہ ریاض

ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں کرینگے،شہباز شریف،امریکی شہری پر پاکستانی قوانین کے مطابق مقدمہ چلے گا،راجہ ریاض
لاہور:اسلام ٹائمز-پنجاب کے گورنر اور وزیراعلیٰ نے صوبہ کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے باہمی افہام و تفہیم سے مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔ گورنر اور وزیراعلیٰ کے درمیان یہ ملاقات گورنر پنجاب کی دعوت پر گورنر ہاؤس میں ہوئی۔ ملاقات کے بعد دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور اس بات کا عہد کیا کہ وہ ماضی کی تلخیاں بھلا کر اب مل جل کر کام کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گورنر نے انہیں کابینہ کے ساتھ گورنر ہاؤس کھانے پرمدعو کیا ہے جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔ ریمنڈ ڈیوس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنیٰ دینا یا نہ دینا وفاقی حکومت کا کام ہے۔ 
ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سینیئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد کا کہنا ہے کہ امریکی شہری کے ہاتھوں پاکستانیوں کے قتل کا مقدمہ پاکستانی قوانین کے مطابق ہی چلایا جائے گا۔ وہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صوبائی وزیر نیلم جبار کی رہائش پر پارٹی عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے۔ سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ امریکی شہری کو بچانے کے لئے کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور دونوں پارٹیوں کے موقف کی تفتیش کے بعد ایجنسیاں کسی نتیجے پر پہنچیں گی۔ راجہ ریاض احمد نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری سعید اختر کو پارٹی عہدہ سے فارغ کر دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مال حاجی محمد اسحاق اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ : 52698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش