0
Thursday 24 Feb 2011 15:10

پاکستان اور امریکا کی خفیہ ایجنسیوں میں دوریاں پیدا ہوگئیں،امریکی اخبار

پاکستان اور امریکا کی خفیہ ایجنسیوں میں دوریاں پیدا ہوگئیں،امریکی اخبار
کراچی:اسلام ٹائمز۔ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور امریکی سی آئی اے کے درمیان دوریاں بڑھ گئی ہیں۔ آئی ایس آئی، سی آئی اے سے علیحدگی کے لئے تیار ہے اور اس وقت دونوں ایجنسیوں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی نے ریمنڈ ڈیوس کا کیس منظر عام پر آنے کے بعد میڈیا کے لئے ایک بیان تیار کیا تھا، لیکن یہ بیان جاری نہیں کیا گیا، اس کی نقل امریکی نیوز ایجنسی نے حاصل کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کرانے کے لئے دباؤ کے حربے استعمال کر رہی ہے اور اس معاملے کے بعد سی آئی اے نے دونوں ایجنسیوں کے درمیان تعلقات پر سوالیہ نشان ڈال دیا ہے۔ 
بیان کے مطابق یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا اب تعلقات اس سطح پر پہنچ سکیں گے، جہاں ریمنڈ ڈیوس کے واقعہ سے پہلے تھے۔ آئی ایس آئی کے حکام نے امریکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ڈیوس کے قبائلی علاقوں میں رابطے تھے اور وہ ان دونوں افراد کو جانتا تھا، جنہیں اس نے قتل کیا۔ آئی ایس آئی اس امکان پر بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ لاہور کی سڑک پر ہونے والا مبینہ مقابلہ ڈیوس کی کسی کے ساتھ ملاقات یا اُسے دھمکیوں کے نتیجے میں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق سی آئی اے نے کئی مرتبہ آئی ایس آئی میں گھسنے اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کی کوشش کی ہے۔ 
آئی ایس آئی کو خدشہ ہے کہ اس وقت پاکستان میں سی آئی اے کے سیکڑوں جاسوس سرگرم ہیں، جن سے حکومت پاکستان اور انٹیلی جنس ایجنسی لاعلم ہے۔ آئی ایس آئی ہزاروں امریکی ملازمین کے ویزوں کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔ آئی ایس آئی کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ کی ویزہ درخواست میں جعلی حوالے اور فون نمبر دیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کو ہدایت کی تھی کہ وزارت داخلہ اور آئی ایس آئی کی معمول کی جانچ پڑتال کے بغیر ویزے جاری کئے جائیں، اس ہدایت کے بعد سفارت خانے نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران امریکی سفارت خانے کے ہزاروں ملازمین کو ویزے جاری کئے۔ اسی طرح کی ہدایات برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی پاکستانی سفارت خانوں کو دی گئی تھیں۔

خبر کا کوڈ : 56193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش