0
Sunday 27 Feb 2011 15:32

شاہ محمود قریشی نے ”شہید بے نظیر بھٹو“ گروپ بنانے کا فیصلہ کر لیا،آج گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں

شاہ محمود قریشی نے ”شہید بے نظیر بھٹو“ گروپ بنانے کا فیصلہ کر لیا،آج گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں
 کراچی:اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے ناراض رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے اصولی طور پر پیپلز پارٹی کو خیر آباد کہنے اور ایک نئی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو گروپ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت کا اعلان 23 مارچ تک ممکن ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق انہوں نے سندھ میں صوبائی وزیر نادر مگسی اور ان کے بھائی عامر مگسی کے علاوہ شکارپور میں یونس حیدر سومرو سے رابطے کئے ہیں جبکہ اتوار کو وہ سکھر پہنچ کر ایک بااثر شخصیت سید کاظم علی شاہ سے ملاقات کرنے کے بعد پیر کو ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ اپنے دورے سندھ کے دوران شہید بے نظیر بھٹو کی قبر پر بھی حاضری دیں گے۔ یاد رہے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پی پی حکومت سے اختلافات اس وقت سامنے آئے جب انہوں نے لاہور میں دو پاکستانیوں کے قتل میں ملوث امریکی ریمنڈ ڈیوس کے استثنیٰ کے حوالے سے موقف اپنایا اور حکومت اور امریکا کے دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کیا۔ ان کے اسی انکار کے باعث انہیں عوام میں غیر معمولی پذیرائی ملی اور انکا موقف مقبول بھی ہوا۔ 
شاہ محمود قریشی پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک سے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اس کے علاوہ وہ ملتان کے مخدوم خاندان کے گدی نشین بھی ہیں، انکے مریدوں کا حلقہ وسیع ہے، جن کی تعداد لاکھوں میں ہے جو ملتان سے لیکر اندرونِ سندھ کے مختلف شہروں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ تاہم ابھی تک شاہ محمود قریشی کا ڈاکٹر صفدر عباسی اور ناہید خان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے سابق سیکرٹری اطلاعات قیوم نظامی، سابق وزیر مملکت مختار اعوان (ملتان)، آغا ریاض الاسلام (راولپنڈی) اور پیپلز پارٹی کے دیگر متعدد رہنماؤں کی بھی انہیں حمایت حاصل ہے، تاہم ان کے نام صیغہ راز میں رکھے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف پیپلز پارٹی کی قیادت شاہ محمود قریشی کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کر سکی ہے، تاہم ان کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
ادھر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج شہید بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دینے کے لئے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی گڑھی خدا بخش آنے کے لئے ملتان سے روانہ ہو گئے ہیں۔ راستے میں انہوں نے گھوٹکی کے قریب مسلم لیگ فکشنل سندھ کے صدر مخدوم سید احمد محمود سے بھی ملاقات کی۔ سابق وزیر خارجہ کموں شہید میں غوثیہ جماعت کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے بعد گڑھی خدا بخش روانہ ہو جائیں گے اور وہاں شہید بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دیں گے۔

خبر کا کوڈ : 56634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش