0
Saturday 26 Mar 2011 22:52

بینظیر قتل کیس، مشرف کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے بھی رابطہ کا فیصلہ

بینظیر قتل کیس، مشرف کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے بھی رابطہ کا فیصلہ
راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے عدالت کی ہدایت پر فریق استغاثہ نے انٹرپول سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر تین کے جج رانا نثار نے اڈیالہ جیل میں بے نظیر قتل کیس کی سماعت کی، مقدمہ کے تفتیشی آفیسر خالد رسول نے اپنا بیان قلم بند کرایا، جس کے مطابق پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کیلئے حکومت برطانیہ کو خطوط لکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک میں ایسے ملزموں کے تبادلے کا معاہدہ تو موجود نہیں، تاہم دو طرفہ تعاون کی بنیاد پر ملزم، پاکستان کے حوالے ہو بھی سکتا ہے، عدالت میں برطانیہ کو لکھے گئے خطوط کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا، جس کے بعد سماعت دو اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ بعد میں میڈیا کو بریفنگ میں وکیل استغاثہ چودھری ذوالفقار نے بتایا کہ عدالت نے پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے تمام اقدام کرنے کی ہدایت کی ہے، اس لئے اب انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
آج نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں مطلوب سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی گرفتاری کے لئے انٹر پول سے رابطہ کیا جائے گا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج رانا نثار احمد نے بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے تفتیشی افسر اور ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد رسول نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری ایک بار پھر برطانوی محکمہ داخلہ کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ جس کا تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔ پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین ملزمان کی حوالگی کا کوئی خاص معاہدہ نہیں ہے، تاہم دو طرفہ تعلقات کی بنیاد پر پرویز مشرف کی حوالگی کے لئے برطانوی محکمہ داخلہ کو درخواست دے رکھی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں برطانیہ بھجوائے گئے خطوط کی کاپیاں بھی پیش کیں۔ فاضل عدالت نے دو اپریل تک رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔










خبر کا کوڈ : 61596
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش