0
Wednesday 13 Apr 2011 13:40

سنی تحریک نے مزارات کی اپنی مدد آپ کے تحت حفاظت کے لیے مزارات وارڈن تشکیل دے دی

سنی تحریک نے مزارات کی اپنی مدد آپ کے تحت حفاظت کے لیے مزارات وارڈن تشکیل دے دی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اگر حکومت اور امن و امان کی بحالی کے ادارے مزارات کو تحفظ نہیں کرسکتے تو سنی تحریک ایک گھنٹہ کے الٹی میٹم پر سنی مزارات وارڈن کے ذریعے اسکی حفاظت کرنے کو تیار ہیے، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت تمام اعلیٰ حکمران اس وقت دہشتگردوں کی گرفت میں ہیں، او آئی سی قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعہ کا سخت نوٹس لے، سنی تحریک مزارات اولیاء پر ہونے والی دہشتگردی کے خلاف 23 اپریل کو کراچی میں "تحفظ عظمت اولیاء کانفرنس" کا انعقاد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ، قادری ہاؤس پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری جنرل حاجی حنیف طیب، سنی تحریک کے مرکزی رہنماء محمد شاہد غوری اور محمد شکیل قادری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ 
محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 2005ء سے اب تک کئی مزارات، علماء اہلسنت اور مشائخ عزام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اب تک سینکڑوں افراد جس میں مفتیان کرام، علماء کرام اور اہلسنت مسلک سے تعلق رکھنے والے شہید ہو چکے ہیں لیکن افسوس کہ حکومت یا عوام کے اربوں روپے کے ٹیکس پر پلنے والے امن وامان کی بحالی کے ادارے ان کی روک تھام می ناکام نظر آ رہے ہیں، اس لئے سنی تحریک مزارات کی اپنی مدد آپ کے تحت حفاظت کے لیے ہزاروں کارکنان پر مشتمل "مزارات وارڈن"کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ملک بھر کی تمام مزارات کی سیکیورٹی کے لیے ہمیں اختیارات دئیے جائیں اور اس کے لیے ہمیں کسی بھی ملکی یا غیر ملکی امداد کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ سنی تحریک اور سنی اتحاد کونسل کے تحت مزارات اولیاء پر ہونے والی دہشتگردی کے خلاف 23 اپریل کو کراچی میں تحفظ عظمت اولیاء کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ 17 اپریل کو لاہور میں مینار پاکستان پر استحکام پاکستان سنی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، انہوں نے امریکہ میں عیسائی پادری کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس پر او آئی سی کی خاموشی کو اسلام دشمنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک سے رابطہ کرکے او آئی سی کو اس حوالے سے ایکشن لینے پر مجبور کرے۔
ایک سوال کے جواب میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت تمام امن امان کی بحالی کے ادارے دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مزارسخی سلطان سرور خودکش دھماکہ کا ایک ملزم اور مزارات پر دھماکہ کرنے والے گروہ کے ماسٹر مائنڈ کو سیالا سے گرفتار کرنے کا حکومت نے دعویٰ کیا ہے اور خودکش حملہ آور نے دوران تفتیش اس بات کا بھی اعتراف کر لیا ہے کہ اس کا کس عقیدے اور گروہ سے تعلق ہے اور ان کے عزائم کیا ہیں اس کے بعد بھی حکومتی سطح پر اس گروہ کی سرپرستی کرنے کا کیا مقصد ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مزارات کو سکیورٹی فراہم کرنے کے نام پر رات کو 8 بجے زائرین کے لیے بند کرنے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔
خبر کا کوڈ : 65038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش