0
Saturday 30 Apr 2011 16:10

ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی قاتلانہ حملے میں جاں بحق، لیاقت علی قریشی کی نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی

ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی قاتلانہ حملے میں جاں بحق، لیاقت علی قریشی کی نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ متحدہ لائرز فورم کے رکن اور ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی لیاقت علی قریشی ایڈوکیٹ قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب 45 سالہ لیاقت علی قریشی ایڈوکیٹ اپنی رہائش گاہ واقع ابوالحسن اصفہانی روڈ گلشن اقبال جا رہے تھے کہ مسلح دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ مو قع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزراء ڈاکٹر صغیر احمد، عبدالحسیب، رکن سندھ اسمبلی مقیم عالم ایڈوکیٹ، ایم کیو ایم کے ذمہ داران ا ور کارکنان کی بڑی تعداد جناح اسپتال پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ لیاقت قریشی ایڈوکیٹ ایم کیو ایم کے سینئر کارکنان میں شمار کئے جاتے تھے اور کئی بار قید و بند کی صعو بتوں کا بھی سامنا کر چکے تھے۔ لیاقت علی قریشی 1997ء میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور ان دنوں ایم کیو ایم لائرز فورم کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ لیاقت علی قریشی کے پسماندگان میں دو بیوہ اور پانچ بچے شامل ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیو ایم لائر ز فورم کے رکن اور سابق رکن سندھ اسمبلی لیاقت قریشی ایڈوکیٹ کے قتل پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ کو کھلی دہشت گردی قر ر ار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک دشمن اور امن دشمن عناصر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیو ایم کے کارکنوں کا چن چن کر نشا نہ وار قتل کر رہے اور لیاقت قریشی کا قتل بھی اسی کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال جنوری سے اب تک ایم کیو ایم کے 90 سے زیادہ کارکنان و ہمدردوں کا نشانہ وار قتل کیا جا چکا ہے، لیکن یہ امر افسوسناک ہے کہ قاتل آج بھی نہ صرف قانون کی گرفت سے دور ہیں بلکہ شہر بھر میں دہشت گردی اور قتل و غارتگری کی وارداتوں میں آزادانہ مصروف ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ رہنماؤں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلانی، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق رکن سندھ اسمبلی لیاقت قریشی ایڈوکیٹ کے قتل کا فی الفور نوٹس لیا جائے واقع میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔ لیاقت علی قریشی ایڈوکیٹ کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر جناح گراوٴنڈ میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم کو شہداء قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 68881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش