0
Saturday 7 May 2011 16:15

ایبٹ آباد آپریشن سقوط ڈھاکہ کے بعد سب سے بڑا سانحہ ہے، حکومت قوم کو اعتماد میں لے، چوہدری نثار

ایبٹ آباد آپریشن سقوط ڈھاکہ کے بعد سب سے بڑا سانحہ ہے، حکومت قوم کو اعتماد میں لے، چوہدری نثار
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں امریکی کارروائی پر کسی اعلیٰ شخصیت کا استعفیٰ واجب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد واقعہ سقوط ڈھاکا کے بعد سب سے بڑا قومی سانحہ ہے۔ ایک جانب تو سات سمندر پار امریکی صدر اس کارروائی کو ایبٹ آباد سے براہ راست دیکھ رہے تھے اور دوسری جانب ایبٹ آباد سے ملحقہ ایوان صدر کارروائی سے بے خبر سویا رہا اور صدر زرداری کو صبح 5 بجے جگایا گیا۔ مورچہ بند زرداری بتائیں وہ عوام کے ساتھ ہیں یا امریکا کے ساتھ۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑے سانحے کے بعد حالات یوں ہی نہیں چلیں گے۔ ذمہ داروں کو ذمہ داری قبول کرنا پڑے گی اور عہدوں سے الگ ہونا پڑے گا۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد واقعے کے بعد اداروں کے سربراہان تبدیل ہونے چاہئیں، حکومت چپ کا روزہ توڑ کر قوم کو اعتماد میں لے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ایبٹ آباد واقعے پر عسکری اور سیاسی قیادت کے بیانات میں تضاد ہے۔ حکومت نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو بہت سے شکوک و شبہات کو ہوا دے رہی ہے۔ سیاسی قیادت ملک سے وفاداری کا بیان دے، ورنہ حکومت چھوڑ دے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن سانحہ سقوط ڈھاکا کے بعد شدید ترین واقعہ ہے جس پر قوم صدمے میں ہے۔ اگر یہ واقعہ کسی اور جمہوری ملک میں ہوتا تو اعلیٰ ترین شخصیت کا استعفٰی آ جاتا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ جس روز یہ واقعہ ہوا پاکستان کے صدر وزارتوں کی بندر بانٹ اور ان کے حواری مبارکبادیں وصول کرتے رہے۔ موجودہ حکومت ملک پر ایک آفت سے کم نہیں، جس نے قوم کی عزت نفس بھی مجروح کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 70314
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش