0
Saturday 14 May 2011 13:57

ڈرون حملے روکنا ہیں تو پاکستان کے عوام کو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ یہ حملے حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں یا نہیں، رضا ہارون

ڈرون حملے روکنا ہیں تو پاکستان کے عوام کو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ یہ حملے حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں یا نہیں، رضا ہارون
کراچی:اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن و صوبائی وزیر رضا ہارون نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ ملک کی سالمیت پر کبھی سودے بازی نہیں کرے گی اور ایم کیو ایم کا ریفرنڈم پورے پاکستان کے مظلوم و محکوم عوام کا ریفرنڈم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شب ڈیفنس کلفٹن ریذنٹس کمیٹی کے زیر اہتمام ڈیفنس کلفٹن کے معززین کی اعزاز میں 2 تلوار پر واقع ڈی سی آر سی کے آفس میں ایک پبلک میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ارکان رابطہ کمیٹی واسع جلیل، کنور خالد یونس، محترمہ نسرین جلیل، ڈی سی آر سی کے انچارج محمد علی و اراکین، سی او پی کے انچارج علی راشد اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی طاہر قریشی بھی موجود تھے۔ رضا ہارون نے کہا کہ جب بھی ملک پر نازک صورتحال آتی ہے کہ اس کا دفاع کیا جائے اور وطن عزیز کی سالمیت کیلئے آواز آٹھائی جائے تو اس ملک کے عوام کی نظریں صرف و صرف الطاف حسین کی جانب ہی جاتی ہیں۔ 2مئی کے واقعے کے فورا بعد ہماری سیاسی و مذہبی جماعتوں نے نمبر اسکورنگ اور پوائنٹ اسکورنگ گیم شروع کر دیا، انہوں نے کبھی آئی ایس آئی کبھی ہمارے قومی سلامتی کے اداروں کو مورد الزام ٹھہرایا اور جو کام پاکستان کے دشمن کرتے وہ کام ان سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لیڈروں نے کیا۔
رضا ہارون نے کہا کہ ایسے مشکل وقت میں ایم کیو ایم نے ریفرنڈم کے ذریعے ایک نیا طریقہ کار ایجاد کیا ہے کہ یہ کسی ایک جماعت کا ایشو نہیں بلکہ پور ے پاکستان کے عوام کا ایشو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے پوچھا ہے کہ جب امریکا میں 9/11 کا واقعہ رونما ہوا تو وہاں کے عوام نے اپنی حکومت پر انگلی اٹھائی یا اپنی حکومت کو مضبوط کر کے یہ مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے، ہم نے پوچھا ہے کہ کیا غیر قانونی طور پر اسامہ بن لادن کا پاکستان میں ر ہنا صحیح عمل تھا اور کیا اب اس ملک میں پر امن انقلاب کا وقت نہیں آ گیا ؟  رضا ہارون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے دھرنے یا بیانات سے نہیں روکیں گے، اگر ڈرون حملے روکنا ہے تو پاکستان کے عوام کو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ ڈرون حملے حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں یا نہیں؟۔ اس موقع پر انہوں نے الطاف حسین کی جانب سے جمع ہونے والے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھے اور اس مشکل وقت میں ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، آج جن ممالک میں عوام کی رائے نہیں لی جا رہی وہاں انقلاب آ رہا ہے۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین رضا ہارون، واسع جلیل اور محترمہ نسرین جلیل نے کلفٹن 2 تلوار اور اس کے اطراف کی مارکیٹوں کا دورہ کیا اور مختلف چوراہوں پر گاڑیوں، بسوں میں جا کر ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کی جانب سے جاری کیے گئے 17 سوالوں پر مشتمل ریفرنڈم فارم بھی تقسیم کیے۔
خبر کا کوڈ : 71777
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش