0
Monday 30 May 2011 22:10

نفاذ شریعت کے نام پر مسلح جدوجہد کرنیوالے اسلام کے باغی ہیں، کرائے کے قاتل دہشتگردوں نے اسلام کا چہرہ مسخ کر دیا ہے،سنی اتحاد کونسل

نفاذ شریعت کے نام پر مسلح جدوجہد کرنیوالے اسلام کے باغی ہیں، کرائے کے قاتل دہشتگردوں نے اسلام کا چہرہ مسخ کر دیا ہے،سنی اتحاد کونسل
 لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ بار بار اقتدار میں آنے والوں نے ملک کو تباہ اور قومی غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے، اب انقلاب نظام مصطفٰی ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے، اس لیے سنی اتحاد کونسل نے ووٹ کے ذریعے انقلاب نظام مصطفٰی برپا کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے اور آئندہ الیکشن میں سیاست کے فرعونوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظہورالٰہی سٹیڈیم گجرات میں ”استحکام پاکستان سنی کانفرنس“ کے بہت بڑے اجتماع سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کے ہزاروں پر جوش شرکاء سے خطاب کرنے والوں میں سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد افضل قادری، حاجی حنیف طیب، ثروت اعجاز قادری، پیر سید محمد محفوظ مشہدی، پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، علامہ اشرف آصف جلالی، مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی، پیر سید محمد اجمل گیلانی، صاحبزادہ سید شاہد گردیزی، سردار محمد خان لغاری، صاحبزادہ عمار سعید، پیر خالد محمود اور دیگر شامل تھے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ نفاذ شریعت کے نام پر مسلح جدوجہد کرنے والے اسلام کے باغی ہیں اور ان کرائے کے قاتل دہشت گردوں نے اسلام کا چہرہ مسخ کر دیا ہے۔ بے گناہ لوگوں کا خون بہانا جہاد نہیں فساد ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امریکہ اور طالبان دونوں سے نجات ضروری ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ اہل سنت نے دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود پرامن رہ کر محب وطن ہونے کا ثبوت دیا ہے کیونکہ ہم نظریات کا مقابلہ طاقت کی بجائے نظریات سے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشکول توڑنے کی بات کرنے والے پہلے اپنے اثاثے پاکستان منتقل کریں اور شاہانہ زندگی ترک کریں۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ امریکہ افغانستان کی جنگ پاکستان منتقل کر رہا ہے اور امریکہ کا اصل ہدف پاکستان کے ایٹمی اثاثے ہیں لیکن امریکہ جان لے کہ شوق شہادت سے سرشار پاکستانی قوم کا بچہ بچہ ناموس ارض وطن کے تحفظ کے لیے جان کی بازی لگانے کے لیے تیار ہے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل نے پاکستان کیخلاف غیراعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے اور ملک عالمی سازشوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، ان حالات میں پاک سرزمین ہر محب وطن کو پکار رہی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا کہ سنی اتحاد کونسل نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کو درپیش خطرات کے خلاف عوام کو بیدار، منظم اور متحرک کرنے کے لیے ”دفاع پاکستان مہم“ شروع کر دی ہے اور جمعہ 3 جون کو ملک بھر میں ”یوم دفاع پاکستان“ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، دہشت گردی اور ڈرون حملوں کے خلاف 11 ستمبر کو کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کیا جائے گا۔ 
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین اور عالمی تنظیم اہل سنت کے مرکزی امیر پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل مسجدوں، مدرسوں اور خانقاہوں کو مورچے بنا کر انقلاب نظام مصطفٰی کی ایمانی جدوجہد کو کامیاب بنائے گی اور دین بیزار سیاست کاروں سے ملک کا قبضہ واپس لے گی۔ انہوں نے کہا کہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک غریب اور حکمران امیر ہو گئے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ کے وفادار اور ملک کے غدار حکمرانوں کا دھڑن تختہ کرنے کے لیے قوم اٹھ کھڑی ہو۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ طالبانائزیشن کا توڑ لبرل ازم نہیں، صوفی ازم ہے۔ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں مغربی کلچر کو فروغ دے کر مذہبی انتہاپسندی کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو فنڈ اور اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک کو بے نقاب کیا جائے اور قوم کو بتایا جائے کہ اب تک گرفتار ہونیوالے ہزاروں دہشت گردوں میں سے کسی ایک کو بھی سزا کیوں نہیں دی جا سکی۔
 سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ملک کے اکثریتی، محب وطن اور پرامن مکتبہ فکر کا نمائندہ پلیٹ فارم ہے۔ اہل سنت ہی پاکستان کی اصل طاقت ہیں اور ہم اپنی طاقت آئندہ الیکشن میں ثابت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اہل سنت کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی۔ حاجی حنیف طیب نے کہا کہ پنجاب کے حکمران مسلسل اہل سنت دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جس کا خمیازہ انہیں آئندہ الیکشن میں بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کا راستہ روکیں گے۔ عسکری اداروں پر الزام تراشیاں کرنے والے امریکہ اور بھارت کو خوش کر رہے ہیں۔
سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 23 مئی کے سانحہ کراچی میں نااہلی کے ذمہ داروں کا تعین ضروری ہے۔ حکمران قومی خودمختاری کے تقاضے پورے کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے مذہبی جنونی افغانستان جا کر امریکہ کیخلاف جہاد کریں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان ناکام ریاست نہیں بلکہ پاکستانی حکمران ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے ڈالر لے کر دہشت گردی کرنیوالوں نے پگڑی اور داڑھی کو بدنام کر دیا ہے، لیکن سنی اتحاد کونسل حقیقی اسلام دنیا کے سامنے پیش کرے گی، جو عظمت آدم کا علمبردار ہے۔ مرکزی جمعیت علمائے پاکستان پنجاب کے صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا کہ ”امریکہ نہ طالبان“ کی سوچ اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 75686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش