0
Friday 3 Jun 2011 22:36

دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کرنے کی وجہ سے صوبے کی معیشت اور سماجی خدمات کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے، امیر حیدر خان

دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کرنے کی وجہ سے صوبے کی معیشت اور سماجی خدمات کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے، امیر حیدر خان
پشاور:اسلام ٹائمز۔خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کرنے کی وجہ سے صوبے کی معیشت اور سماجی خدمات کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس ضمن میں برطانیہ سمیت بین الاقوامی اداروں کی امدد اور تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات بین الاقوامی ترقی کے برطانوی وزیر مسٹر اینڈریو مچل سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جنہوں نے پختونخوا ہاوس اسلام آبادمیں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورتحال، سماجی و خدماتی شعبوں کی ضروریات، ترقیاتی حکمت عملی اور دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی وزیر نے نامساعد اور مشکل حالات میں عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان کیلئے ڈیڑھ بلین پاونڈز کی امداد سے خیبر پختونخوا کو ملنے والا حصہ صوبے میں صحت تعلیم سمیت سماجی شعبوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کیلئے DFID پروگرام کے تحت امداد میں قابل قدر اضافے کا بھی یقین دلایا۔ امیر حیدر خان ہوتی نے مختلف شعبوں میں برطانوی حکومت کی امداد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صوبے کی حکومت اور عوام برطانوی حکومت کی ان کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے خصوصاً تعلیمی شعبے میں بھرپور معاونت پر برطانیہ کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ ان کی حکومت صوبے میں تمام سطحوں پر معیاری تعلیم کو عام کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ موجودہ دورکے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے پر ہونے والے اخراجات روشن مستقبل کیلئے بہترین سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی معیشت کے استحکام، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور غربت کے خاتمے اور قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیںگی۔ انہوں نے اس ضمن میں برطانوی وزیر کو صوبائی حکومت کے خصوصی پروگراموں سے بھی آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 76640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش