0
Friday 1 Jul 2011 07:43

شمسی ایئر بیس خالی کیا نہ اسے چھوڑیں گے، امریکی حکام نے پاکستان کا مطالبہ مسترد کر دیا

شمسی ایئر بیس خالی کیا نہ اسے چھوڑیں گے، امریکی حکام نے پاکستان کا مطالبہ مسترد کر دیا
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ امریکا نے بلوچستان میں قائم شمسی ائر بیس خالی کرنے کے پاکستان کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی حکام نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام نے شمسی بیس خالی نہیں کی اور ایسا کرنے کا ان کا کوئی ارادہ بھی نہیں ہے۔ مذکورہ امریکی عہدیدار نے معاملے کی حساسیت کی وجہ سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مذکورہ ائر بیس خالی ہے اور نہ ہی اسے خالی کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے جب رائٹرز نے ایک اور امریکی عہدیدار سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی اسی بات کی تصدیق کی۔ امریکا کی جانب سے ڈرون حملے جاری رکھنے کا نیا اعلان پاک امریکا تعلقات کے درمیان ایک نیا موڑ ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں اور پاکستان اس وقت بڑھتے ہوئے دباؤ کا شکار ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے یہ بیان اس وقت دیا گیا ہے جب جمعرات کو ہی پاکستان کے وزیر دفاع چوہدری احمد مختار نے بیان دیا کہ ہم نے امریکی فورسز سے شمسی بیس خالی کرنے کیلئے کہا ہے، جب وہ لوگ وہاں ہوں گے ہی نہیں تو ڈرون حملے بھی بند ہو جائیں گے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک پاکستانی عہدیدار نے بتایا کہ امریکا کے پاس دو ائیر بیس تھے، جن میں سے جیکب آباد ائر بیس وہ پہلے ہی خالی کر چکا ہے جبکہ شمسی ائیر بیس اب بھی ان کے پاس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی فورسز اب یہ بیس بھی خالی کر رہے ہیں، یہ بیس صرف لاجسٹک مقاصد کیلئے ان کے پاس تھی، کچھ وقت کیلئے انہوں نے اسے ڈرونز کیلئے بھی استعمال کیا، لیکن اب کوئی ڈرون یہاں سے نہیں اڑتا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے یہ واضح کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شمسی ائر بیس خالی کرنے کا مطالبہ ہے، لیکن ہم اسے مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔ امریکی حکام شمسی بیس کو ڈرون حملوں کے لئے استعمال کرتے ہیں اور انکا کہنا ہے کہ مستقبل میں ڈرون حملے جاری رکھنے کے لئے اس بیس کو استعمال کیا جاے گا۔ دوسری جانب دنیا نیوز کے رابطہ کرنے پر امریکی سیکرٹری دفاع کے ترجمان نے اس بیان کی تردید کی اور واضح کیا ہے کہ شمسی ائیر بیس پر کوئی امریکی اہلکار موجود نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 82210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش