0
Monday 29 Aug 2011 09:27

ذوالفقار مرزا کا سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدے سے استعفٰی منظور، امریکا پاکستان توڑنا چاہتا ہے، متحدہ ساتھ دیگی، ذوالفقار مرزا

ذوالفقار مرزا کا سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدے سے استعفٰی منظور، امریکا پاکستان توڑنا چاہتا ہے، متحدہ ساتھ دیگی، ذوالفقار مرزا
کراچی:اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی جانب سے کراچی میں نیوز کانفرنس اور پارٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد وزیراعلیٰ و پیپلز پارٹی سندھ کے صدر قائم علی شاہ نے صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم گیلانی سے رابطہ کیا اور ذوالفقار مرزا کے استعفی کی منظوری حاصل کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی جانب سے پارٹی کے سینیئر نائب صدر، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت اور صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز اور جنگلات کے عہدوں سے استعفی کی اصولی منظوری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور آج کسی بھی وقت ذوالفقار مرزا کے تمام سرکاری و پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے وزارت، اسمبلی رکنیت اور پیپلزپارٹی کی نائب صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان اور قرآن پر ہاتھ رکھ کر وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک 
پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ٹارگٹ کلرز کے ساتھ ملے ہوئے ہیں جس کے ثبوت صدر آصف زرداری، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا کو پیش کرنے کو تیار ہوں، رحمن ملک پیدائشی اور 100فیصد جھوٹا ہے جو حقائق کو مسخ اور پارٹی قیادت کو گمراہ کرتا ہے۔ رحمن ملک جہاں سے تعلق رکھتا ہیں وہاں ان کا مکان نہیں شاید نائی کی دکان بھی نہ ہو، رحمن ملک کا آج کے بعد تماشاختم ہو جائے گا، پاکستان کو اگر کوئی نقصان ہوا تو وہ رحمن ملک سے ہو گا، الطاف حسین کلر اور ایم کیو ایم دہشتگرد تنظیم ہے، رحمان ملک پیپلز پارٹی کو تباہ کرکے لندن چلے جائیں گے۔ الطاف حسین نے لندن میں مجھ سے کہا تھا کہ امریکا نے پاکستان توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور متحدہ امریکا کے ساتھ ہے، قاتلوں کی بلیک میلنگ سے میری وزارت تبدیل کی گئی، خدمت خلق کی ایمبولینسز گولہ بارود لے جانے کیلئے استعمال ہوتی ہیں، میرے استعفے سے قاتلوں کے دل ٹھنڈے پڑ گئے، پیپلزپارٹی کارکن ہوں اور رہوں گا، کراچی میں 15 دنوں میں امن قائم کر سکتا ہوں، صحافی ولی بابر کو ایم کیو ایم والوں نے مروایا۔ انہوں نے یہ بیان اتوار کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ 
ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے پریس کانفرنس کا آغاز قرآن پاک پر حلف سے کر کے پورے میڈیا کو چونکا دیا اور کہا کہ جو کچھ کہوں گا وہی سچ ہو گا۔ رحمان ملک متحدہ کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ اس وقت اگر میرا کوئی سب سے بڑا دشمن ہے تو وہ رحمن ملک ہے اور میں نے اس بارے میں سارے خاندان کو آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تمام زمین، بنگلے جائداد سندھ میں ہیں، رحمن ملک کا یہاں کیا ہے اس کا خاندان بھی لندن میں ہے اور شاید اس کا جہاں سے تعلق ہے وہاں سیالکوٹ میں تو شاید اس کی نائی کی دکان بھی نہیں ہو گی۔ آج کے بعد رحمن ملک کا تماشہ ختم ہو جائے گا، رحمن ملک پیدائشی اور 100 فیصد جھوٹا ہے جو حقائق کو مسخ اور پارٹی قیادت کو گمراہ کرتا ہے، ہم پارٹی کے لیے خون دیتے جبکہ رحمن ملک خون پیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس کراچی اور حیدرآباد کا حقیقی مینڈیٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سندھ کو توڑنا چاہتے ہیں، میں نے بھوکا ننگا ان لوگوں کو کہا تھا جو پاکستان اور سندھ کو توڑنا چاہتے ہیں، میرے استعفے سے قاتلوں کے دل ٹھنڈے پڑ گئے۔ ملک آئی ایس آئی اور فوج کی وجہ سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ احمد چنائے کو سی پی ایل سی کا چیف بنایا جائے لیکن لندن کے فون اور دباو پر خدمت خلق فاونڈیشن سے تعلق رکھنے و الے احمد چنائے کو سی پی ایل سی کا چیف بنایا گیا۔ ذوالفقار مرزانے قرآن پر حلف اٹھاتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین نے لندن میں پیر مظہرالحق اور مجھ سے ملاقات کی جس میں الطاف حسین نے کہا کہ امریکا نے پاکستان توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور متحدہ امریکا کے ساتھ ہے۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ لندن میں مجھے اور پیر مظہر الحق کو الطاف حسین نے ملنے کیلئے ڈیڑھ بجے کا ٹائم دیا تھا بعد میں کہا گیا کہ الطاف حسین 7 بجے حلیم کھلائیں گے، میں نے بہت عزت محسوس کی کہ الطاف بھائی ہمارے لئے اتنی محنت سے خود حلیم بنائیں گے، 7 بجے ملاقات کے دوران الطاف حسین نے ہمیں حلیم کھلائی اور میرے پیالے میں دو مرتبہ حلیم ڈالی جو بہت مزے کی تھی، اس دوران الطاف حسین نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کو توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے میں اور میری پارٹی اس فیصلے میں شامل ہے اس لئے میں تو پٹھانوں کو ماروں گا۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ جو آدمی پاکستان توڑنے کا سوچ سکتا ہے اس کے پاس بیٹھنے کیلئے تیار نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر ولی بابر کو ایم کیو ایم نے قتل کرایا، ولی بابر کے قتل میں سید محمد علی رضوی، محمد شکیل، فیصل محمود، محمد شاہ رخ، سید طاہر نذیر جو انڈر ورلڈ میں پولکا کے نام سے جانا جاتا ہے ملوث ہیں۔

خبر کا کوڈ : 95301
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش